سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر نے نئی پالیسی کے تحت مختلف شخصیات کے اکاؤنٹس سے بلیو ٹک کے بعد جعلی فالوورز ہٹانے کا کام بھی شروع کردیا، سابق وزیراعظم عمران خان اور مسلم لیگ (ن) کی مرکزی رہنما مریم نواز کے بھی ہزاروں جعلی فالوورز اڑ گئے۔
پاکستان میں ٹوئٹر پر زیادہ فالو کیے جانے والے افراد میں سابق وزیر اعظم عمران خان، مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز اور سابق کرکٹ کپتان وسیم اکرم شامل ہیں جن کے فالوورز میں معمولی کمی دیکھی گئی ۔
ایک کروڑ 91 لاکھ سے زائد فالورز رکھنے والے عمران خان کے فالوورز میں جمعے کی شام 11ہزار آٹھ سو سے زائد فالوورز کی کمی دیکھنے میں آئی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے 66لاکھ فالوورز میں سے آٹھ ہزار سے زیادہ فالوورز کھو دیے ہیں۔
مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز جن کے فالوورز 80 لاکھ سے زیادہ ہیں، ان کے 14 ہزار چھ سو کے قریب فالوورز کم ہوگئے۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو کے فالوورز جمعے کو 3534 فالوورز کم ہوئے تو ہفتے کی صبح تک مزید 2900 سے زیادہ مزید کم ہوگئے۔
کرکٹ لیجنڈ وسیم اکرم کے بھی تین ہزار آٹھ سوسے زیادہ فالوورز کی تعداد محض ایک ہی روز میں کم ہوئی۔تین ملین فالوورز رکھنے والی پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کے فالوورز بھی ڈھائی ہزار کے قریب کی کمی آئی۔