قیلولہ مختصر نیند ہے جو عموماً دن کے وقت لی جاتی ہے، قیلولہ کئی بار نیند کے غلبے کی وجہ سے لیا جاتا ہے جبکہ مختلف ثقافتوں میں قیلولہ کی خاص اہمیت رہی ہے، کچھ ممالک میں اسکول کے بچوں اور کام کی جگہوں پر بھی قیلولہ کیلئے بریک دیا جاتا ہے۔ آیئے آپ کو اس مختصر سی نیند کے کچھ فائدے بتاتے ہیں۔
قیلولہ کرنے والے افراد میں دل کی بیماریوں سے ہلاک ہونے کا خطرہ کم ہوتا ہے، ذہنی دباؤ میں کمی واقع ہوتی ہے۔ بلڈ پریشر میں کمی، خون کے نظام میں بہتری کے ساتھ فالج اور ہارٹ اٹیک کے خطرے میں بھی کمی واقع پر تجربہ کیا گیا ہے۔
ذہنی دباؤ کے مریضوں میں دوپہر کے وقت سونے سے ذہنی دباؤ میں کمی دیکھی گئی، قیلولہ کی وجہ سے رات کو بہترین نیند آتی ہے، صبح سویرے جاگنے اور اگلے دن کام چستی سے کام کرنے پر کافی مدد ملتی ہے۔
بچوں کے لئے قیلولہ ذہنی قوت بڑھانے، پڑھائی میں لگن، تعلیم و یاد داشت میں استحکام کیلئے فائدہ مند ہوتا ہے۔ دوپہر کو کچھ دیر کے لیے سونا یا قیلولہ کرنا ذہنی صلاحیتوں کو بہتر بنانے میں مدد دیتا ہے۔
لیڈز یونیورسٹی کی ایک تحقیق کے مطابق 20 منٹ کا قیلولہ ذہنی تھکن دور کرنے اور افراد کی مسائل حل کرنے کی صلاحیتوں میں اضافہ کرنے کا سبب بنتا ہے۔ یہ وہ فائدے ہیں جن کیلئے آج لوگ ہزاروں نہیں بلکہ لاکھوں روپے کی ادویات استعمال کرتے ہیں لیکن کئی بار کامیابی نہیں ملتی۔
اکثر کچھ لوگ دوپہر کو تھوڑی دیر کے لیے سونا یا قیلولہ کرنا پسند کرتے ہیں، یہ عادت صحت کے لیے بھی بہت زیادہ فائدہ مند ہوتی ہے، بس یہ خیال رکھنا ضروری ہے کہ دوپہر کی اس نیند کا دورانیہ 30 منٹ سے کم ہو۔
تحقیقی رپورٹس سے ثابت ہوا ہے کہ یادوں کو محفوظ رکھنے کے حوالے سے نیند کا کردار اہم ہوتا ہے اورمختصر وقت کا قیلولہ کرنے سے جسم پر ایسے حیرت انگیز اثرات مرتب ہوتے ہیں جو دنگ کر دیتے ہیں۔
10 منٹ کا قیلولہ صحت کے لیے زیادہ مفید ہوتا ہے، 20 منٹ کا قیلولہ آپ کو ذہنی اور جسمانی طور پر مستعد بنا دیتا ہے۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ 30 منٹ کا قیلولہ تناؤ میں کمی لاتا ہے۔
تحقیقی رپورٹس کے مطابق 30 منٹ کا قیلولہ کرنے اور معتدل ورزش جیسے چہل قدمی سے رات کے وقت نیند بہتر ہوتی ہے جبکہ جسمانی اور ذہنی صحت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں تاہم 30 منٹ سے زیادہ وقت تک قیلولہ سے تھکاوٹ کا احساس بڑھ بھی سکتا ہے۔