یوں تو دنیا بھر کے فلائٹ اٹینڈینٹس کو نرم لہجے میں بات کرنے اور برے سے برے حالات میں اخلاق سے پیش آنے کی تربیت دی جاتی ہے۔ مگر اس وقت پی آئی اے کے جہاز کے عملے کی ایسی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں انھیں غصہ کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ ویڈیو دیکھیں
اس ویڈیو میں پرائیویٹ ہوٹل کے عملے کے ساتھ پی آئی اے کے عملے کو بدتمیزی کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، ایک ائیر ہوسٹس نے بات کرنے کے بعد فون بھی پھینک دیا۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کل جب ہوٹل نے جہاز کے عملے کو کمرے الاٹ نہیں کیے اور اس کے بجائے انہیں دوسرے ریسٹ ہاؤس میں منتقل کر دیا تو فلائٹ اٹینڈنٹ ان سے نامناسب سلوک کرنے لگے۔ واضع رہے کہ یہ ویڈیو کچھ دن سے سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔
اس واقعے کے جواب میں پی آئی اے کی فلائٹ سروسز کے جنرل منیجر (جی ایم) نے دونوں فلائٹ اٹینڈینٹس کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے انہیں دو ماہ کے لیے گراؤنڈ کر دیا۔ نوٹس میں اسلام آباد کے ہوٹل کے استقبالیہ پر دکھائے جانے والے رویے پر مایوسی کا اظہار کیا گیا اور کہا گیا کہ ایسی بدتمیزی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ایئر لائن نے مستقبل میں کسی بھی ایسے رویے کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ بھی دیا ہے۔
ایکس پریس ٹربیون کے مطابق اس معاملے کے قریبی ذرائع نے انکشاف کیا کہ جس ریسٹ ہاؤس میں فلائٹ اٹینڈنٹ کو میں ٹھہرنا تھا وہ خواتین کے لیے نامناسب سمجھا جاتا تھا۔ جس کی وجہ سے ان کی دوسری جگہ منتقلی کی جانی تھی۔ البتہ فلائٹ اٹینڈینٹس کا نامناسب رویہ کسی بھی طرح معافی کے قابل نہیں۔ سوشل میڈیا پر عوام بھی ان کے اس رویے کی مذمت کررہے ہیں۔