آج کے جدید دور میں موبائل فون تقریباً ہر شخص کی ضرورت بن چکا ہے لیکن فون چاہے مہنگا ہو یا سستا، ایک مسئلہ کم و بیش ہر دوسرے صارف کو درپیش ہوتا ہے وہ ہے بیٹری جلد ختم ہوجانا جس کی وجہ سے اکثر لوگ بار بار فون چارج یا کبھی تو پاور بینک بھی ساتھ رکھنے پر مجبور ہوجاتے ہیں۔
آج ہم آپ کو بتائیں گے کہ آپ کے فون کی بیٹری جلد ہونے کی وجوہات کیا ہیں اور کیسے آپ اپنے فون کی چارجنگ جلدی ختم ہونے کے مسئلے سے چھٹکارا پاسکتے ہیں۔
سب سے پہلے آپ کو بتاتے چلیں کہ بار بار اور حد سے زیادہ چارجنگ فون کی بیٹری کیلئے بہت نقصان دہ ہوسکتی ہے اور اس سے آپ کے فون کی بیٹری کی زندگی بھی مختصر ہوجاتی ہے۔
آئی فون کے نئے فونز میں چارجنگ بہتر بنانے کے آپشنز موجود ہوتے ہیں تاہم ممکن ہے کہ اینڈرائیڈ اور دوسرے فونز میں آپ کو یہ سہولت نہ ملے تو اس لئے آپ کو خود اپنے فون کی بیٹری کو محفوظ بنانا ہے۔
اگر آپ اپنے فون کو چارجنگ پر لگاکر زیادہ وقت کیلئے چھوڑ دینگے تو چاہے مہنگا آئی فون ہو یا سستا بٹنوں والا فون اسکی بیٹری جلد خراب ہوجائے گی۔
اکثر لوگوں کو شائد یہ لگتا ہے کہ رات کو چارجنگ پر لگانے سے بیٹری پوری چارج ہوجائیگی تو ایسا ہرگز نہ کریں کیوں کہ رات بھر فون کو چارج پر لگاکر چھوڑ دینے سے بھی بیٹری کی زندگی جلدی ختم ہوجاتی ہے۔
ایپل کےآئی فون میں آپ آپٹمائزڈ چارجنگ کو فعال کرکے بیٹری کو محفوظ بناسکتے ہیں لیکن اینڈرائیڈ میں قدرے مشکل ہے کیونکہ اینڈرائیڈ کے فنکشنز اور پروگرامز مختلف ہوسکتے ہیں تاہم کچھ فونز کی سیٹنگ کے آپشنز میں آپ کو بیٹری سے متعلق ہدایات بھی مل سکتی ہیں۔
آپ کو بتاتے چلیں کہ بیٹری کے دشمنوں میں چارجنگ کی گندگی بھی شامل ہے، چارجنگ پوٹ میں دھول مٹی کی وجہ سے ڈیوائس زیادہ گرم ہو جاتی ہے یا چارجنگ بند ہو جاتی ہے۔ اس لئے کوشش کریں کہ آپ کے فون کی چارجنگ پوٹ صاف رہے تاکہ بیٹری گرم ہوکر جلدی خراب نہ ہو۔
چارجنگ پوٹ کو صاف کرنے کیلئے ٹوتھ پک یا گیلا کپڑا استعمال نہ کریں اس سے پوٹ خراب ہونے کا خدشہ بڑھ جاتا ہے، پوٹ کی صفائی کیلئے ہلکا سا نم کپڑا استعمال کریں یا برش کی مدد سے پوٹ سے گندگی نکالیں تاکہ آپ کا فون درست طریقے سے چارج ہوسکے۔
سورج کی روشنی انسانوں کو تو فائدہ دے سکتی ہے لیکن فون کیلئے بالکل بھی اچھی نہیں، فون کو براہ راست سورج کی روشنی میں چھوڑنا بیٹری کو مستقل طور پر نقصان پہنچا سکتا ہے۔
اگر آپ کو انتباہات موصول ہوتے ہیں کہ آپ کا فون زیادہ گرم ہو رہا ہے تو اس کا مطلب یہ ہو سکتا ہے کہ بیٹری کو نقصان پہنچ رہا ہے۔
سورج ہی نہیں بلکہ زیادہ حدت والی جگہ پر فون کا درجہ حرارت بھی بڑھ سکتا ہے جس کا براہ راست اثر بیٹری پرہوتا ہے۔اگر آپ کے فون کی روشنی کم اور ڈسپلے مدہم ہورہا ہے تو اس کو نظر انداز نہ کریں بلکہ کچھ دیر کیلئے فون کو بند کردیں۔
ایک اور اہم بات یہ کہ اگر آپ ایسی جگہ پر ہیں جہاں سگنل کم ہوں تو وہاں فون کو فلائٹ موڈ پر لگادیں کیونکہ سگنل تلاش کرنے میں زیادہ توانائی صرف ہوتی ہے اور اس کا اثر بیٹری کی صحت پر پڑتا ہے جس سے کمزوری واقع ہوسکتی ہے اور آپ کا نئی بیٹری کیلئے خرچا بڑھ سکتا ہے۔
امید ہے بیٹری کی صحت بہتر بنانے کے حوالے سے آپ کو ہماری یہ ویڈیو پسند آئی ہوگی، کمنٹس باکس میں اپنی رائے ضرور بتائیں۔