انڈین ریسلرز کا بی جے پی رہنما پر جنسی ہراسانی کا الزام: ’ہم محفوظ نہیں تو دوسری لڑکیوں کا کیا ہو گا؟‘

بی بی سی اردو  |  Apr 25, 2023

انڈیا کے ریسلرز نے ایک بار پھر بی جے پی رکن پارلیمان برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف محاذ کھول دیا ہے اور اس احتجاج کی قیادت اولمپک میڈل حاصل کرنے والی ریسلر بجرنگ پونیا، ساکشی ملک اور ونیش پھوگاٹ کر رہے ہیں۔

ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کے سربراہ برج بھوشن سنگھ کے خلاف احتجاج کرنے والے کھلاڑی اب تک تو کسی سیاسی جماعت سے دور رہے ہیں تاہم اب حمایت حاصل کرنے کی کوشش میں انھوں نے سیاسی جماعتوں کو بھی دھرنے میں شرکت کی دعوت دی ہے۔

تاہم ان ریسلرز کا کہنا ہے کہ ان کی کسی خاص پارٹی سے وابستگی نہیں ہے۔

اتوار کو تینوں کھلاڑیوں نے ایک پریس کانفرنس میں دعویٰ کیا کہ وہ گزشتہ ڈھائی ماہ سے انصاف کے منتظر ہیں لیکن ان کی کوئی شنوائی نہیں ہوئی اور اب انھیں جھوٹا سمجھا جا رہا ہے۔

ان کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ دو روز قبل سات خواتین ریسلرز نے برج بھوشن سنگھ کے خلاف پارلیمنٹ سٹریٹ تھانے میں شکایت درج کروائی تھی لیکن ان کی ایف آئی آر تک درج نہیں کی جا رہی۔ ان پہلوانوں میں ایک نابالغ بھی شامل ہے۔

معاملہ کیا ہے؟

18 جنوری 2023 کو پہلوان ونیش پھوگاٹ، ساکشی ملک اور بجرنگ پونیا دہلی کے جنتر منتر پہنچے اور ریسلنگ فیڈریشن کے صدر برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف کئی سنگین الزامات لگائے۔

اس کے بعد ونیش پھوگاٹ نے روتے ہوئے کہا کہ برج بھوشن سنگھ اور کوچ، نیشنل کیمپ میں خواتین ریسلرز کو جنسی طور پر ہراساں کرتے ہیں۔

پھوگاٹ نے کہا تھا ’وہ ہماری ذاتی زندگی میں مداخلت کرتے ہیں اور پریشان کرتے ہیں۔ وہ ہمارا استحصال کر رہے ہیں۔ جب ہم اولمپکس کھیلنے جاتے ہیں تو ہمارے پاس نہ تو فزیو ہوتا ہے اور نہ ہی کوچ۔ جب ہم نے آواز اٹھائی تو انھوں نے ہمیں دھمکیاں دینا شروع کر دیں۔‘

ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے برج بھوشن سنگھ نے تب کہا تھا کہ کسی کھلاڑی کے ساتھ جنسی زیادتی نہیں کی گئی ہے اور اگر یہ سچ ثابت ہوا تو وہ پھانسی پر لٹکنے کو تیار ہیں۔

اس کے بعد مرکزی وزیر کھیل انوراگ ٹھاکر نے ان کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور 23 جنوری کو الزامات کی تحقیقات کے لیے پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دی۔

اس کمیٹی کا کام برج بھوشن سنگھ، عہدیداروں اور کوچ کے خلاف ہراساں کرنے، مالی بدانتظامی اور انتظامی کوتاہیوں کے الزامات کی تحقیقات کرنا تھا۔ یہ کمیٹی ایک ماہ تک ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کے کام کاج کی دیکھ بھال کرنے والی تھی۔

تجربہ کار باکسر ایم سی میری کوم کو اس کمیٹی کا چیئرمین منتخب کیا گیا۔ اس میں اولمپک میڈلسٹ یوگیشور دت، سابق بیڈمنٹن کھلاڑی ترپتی مرگنڈے، ٹاپس کے سابق سی ای او راج گوپالن اور سپورٹس اتھارٹی آف انڈیا کی سابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر رادھیکا سریمان بھی شامل تھے۔

کمیٹی کو چار ہفتوں میں تحقیقات مکمل کرنے کا کہا گیا۔

کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ کمیٹی کوتشکیل ہوئے تین ماہ ہو چکے ہیں لیکن کمیٹی نے کیا تحقیقات کی اور اس تحقیقات میں کیا نتیجہ نکلا، یہ ابھی تک سامنے نہیں آیا۔ الزام ہے کہ اس کے برعکس تحقیقاتی رپورٹ کی معلومات میڈیا کو لیک کی جارہی ہیں۔

’ہم محفوظ نہیں ہیں تو دوسری لڑکیوں کا کیا ہوگا؟‘

اتوار کو دہلی کے جنتر منتر پر ایک بار پھر ملک کے معروف ریسلرز نے برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف محاذ کھول دیا۔

کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ سات خواتین کھلاڑیوں نے برج بھوشن سنگھ کے خلاف 21 اپریل کو کناٹ پلیس تھانے میں شکایت کی، لیکن ایف آئی آر درج نہیں کی جا رہی ہے۔

ونیش پھوگاٹ نے کہا کہ ’ہمارے صبر کا بند ٹوٹ رہا ہے، پولس نے ہمیں جنتر منتر پر بیٹھنے کی اجازت بھی نہیں دی۔‘

انھوں نے کہا، ’تین ماہ سے ہم ذہنی کرب سے گذر رہے ہیں، لڑکیاں اولمپک میڈل لاتی ہیں۔ اگر ہم محفوظ نہیں ہیں تو دوسری لڑکیوں کا کیا ہوگا؟ آپ جانتے ہیں کہ ہم کس کے خلاف لڑ رہے ہیں؟‘

ساکشی ملک نے کہا، ’دو دن پہلے، سات لڑکیوں نے پولیس سٹیشن میں شکایت دی تھی۔ ان میں سے ایک (لڑکی) نابالغ ہے۔ لیکن ابھی تک ایف آئی آر درج نہیں کی گئی ہے۔‘ انھوں نے دعویٰ کیا کہ یہ شکایت برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف ہے۔

اتوار کو ، ساکشی ملک نے کہا، ’ہم ڈھائی مہینے سے زیادہ انتظار کر رہے ہیں، ہمیں لگتا تھا کہ حکومت ہمارا ساتھ دے گی، ہمیں پتہ چل گیا ہے کہ ہمارا کیا ہو گا؟‘

انھوں نے کہا، ’لوگ یہ سوچنے لگے ہیں کہ ہم جھوٹے ہیں، ہماری شکایت جھوٹی ہے۔ (لیکن) ہم سچے ہیں۔ ہم انصاف کے لیے لڑ رہے ہیں۔‘

یہ پوچھے جانے پر کہ اس معاملے ہر حکام کا کیا کہنا ہے، ساکشی ملک نے کہا،’افسران پیر کو ملنے کا کہہ رہے ہیں، لیکن ہم چاہتے ہیں کہ رپورٹ عام کی جائے۔‘

ساکشی نے کہا، ’ہمیں یقین ہے کہ ہمارے ساتھ انصاف ہوگا۔ ریسلِنگ کو محفوظ ہاتھوں میں جانا چاہیے، لیکن ہماری کوئی شنوائی نہیں ہو رہی ہے۔‘

بجرنگ پونیا نے کہا کہ جب تک اس کیس میں گرفتاری نہیں ہوتی ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ جب تک کارروائی نہیں ہوتی وہ جنتر منتر پر ہی سوئیں گے اور یہیں کھائیں گے۔

دہلی خواتین کمیشن کا نوٹس

دہلی خواتین کمیشن کی چیئرپرسن سواتی مالیوال نے خواتین کھلاڑیوں کی جانب سے جنسی طور پر ہراساں کرنے کے معاملے میں ایف آئی آر درج نہ کرنے پر دہلی پولیس کو نوٹس جاری کیا ہے۔

سواتی مالیوال کہتی ہیں ،’لڑکیوں نے ہمیں بتایا کہ پولیس نے ایف آئی آر تک درج نہیں کی تھی اور ان کے نام وزارت کھیل تک پہنچ گئے ہیں۔‘

انھوں نے کہا، ’یہ کیسا غنڈا راج چل رہا ہے، کیا انڈین ریسلنگ فیڈریشن کے صدر قانون سے بالاتر ہیں؟ دہلی پولیس نے اب تک ایف آئی آر کیوں درج نہیں کی اور اس شخص (برج بھوشن سنگھ) کو ابھی تک گرفتار کیوں نہیں کیا گیا؟یہ لڑکیاں اس ملک کا فخر ہیں۔‘

انھوں نے مزید کہا کہ ’معاملے کی تحقیقات ہونی چاہیے اور کارروائی کی جانی چاہیے۔ اس کے ساتھ ایف آئی آر درج کرنے میں تاخیر کرنے والے دہلی پولس کے افسران کے خلاف بھی کارروائی کی جائے، ایف آئی ار درج نہ کرنا غیر قانونی ہے۔‘

یہ بھی پڑھیے

’دس کھلاڑیوں کا جنسی استحصال کیا گیا ہے‘، معروف انڈین ریسلر ونیش پھوگاٹ کا ڈبلیو ایف آئی کے صدر پر الزام

انڈین خواتین کھلاڑیوں کے لیے جنسی ہراس کے معاملات کو سامنے لانا آسان نہیں ہوتا

ہراسانی کے واقعات: کیا پاکستان کے عوامی مقامات خواتین کے لیے غیر محفوظ ہیں؟

برج بھوشن سنگھ کون ہیں؟

برج بھوشن سنگھ کا شمار بی جے پی کے لیڈروں میں ہوتا ہے۔ ان کا تعلق گونڈا، اتر پردیش سے ہے اور وہ قیصر گنج لوک سبھا حلقہ سے بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکن پارلیمنٹ ہیں۔

برج بھوشن شرن سنگھ، جو اپنے طالب علمی کے زمانے سے ہی سیاسی طور پر بہت سرگرم تھے، نے اپنی جوانی ایودھیا کے اکھاڑوں میں گزاری۔ ایک پہلوان کے طور پر وہ خود کو ’طاقتور‘ کہتے ہیں۔

کالج کے زمانے میں وہ طلبہ یونین کے صدر منتخب ہوئے اور ان کے فعال سیاسی کیریئر کا آغاز یہیں سے ہوا تھا۔

انھوں نے 1988 میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کی اور پھر 1991 میں لوک سبھا کے لیے ریکارڈ ووٹوں کے ساتھ پہلی بار رکن پارلیمنٹ بنے۔

وہ 1999، 2004، 2009، 2014 اور 2019 میں بھی لوک سبھا کے لیے منتخب ہوئے۔ مجموعی طور پر وہ چھ بار لوک سبھا کے لیے منتخب ہوئے ہیں۔

وہ 1999 کے بعد سے ایک بھی الیکشن نہیں ہارے۔

ان پر ماضی میں قتل، آتش زنی اور توڑ پھوڑ کے الزامات بھی لگ چکے ہیں۔ حال ہی میں جھارکھنڈ میں انڈر 19 نیشنل ریسلنگ چیمپئن شپ کے دوران انھوں نے اسٹیج پر ہی ایک پہلوان کو تھپڑ مارا۔

برج بھوشن شرن سنگھ کے بیٹے پرتیک بھوشن بھی سیاست میں ہیں۔ پرتیک گونڈا سے بی جے پی ایم ایل اے ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More