عمران خان کا جلد الیکشن کا مطالبہ، آئینی بحران کا سبب بن گیا، بلوم برگ

ہم نیوز  |  Apr 23, 2023

امریکی جریدہ بلوم برگ نے پاکستانی سیاسی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کا جلد الیکشن کا مطالبہ پاکستان میں آئینی بحران کا سبب بن رہا ہے۔

بلوم برگ کے مضمون کے مطابق پاکستان میں جمہوری عمل کے مستقبل پر خدشات ابھر رہے ہیں جب کہ چیف جسٹس عمر عطا بندیال آئینی بحران کا مرکز بن چکے ہیں۔

مضمون میں کہا گیا ہے کہ چیف جسٹس نے عمران خان کی جانب سے 2صوبوں کی اسمبلیاں تحلیل کے بعد انتخابات کی تاریخ دی، وفاقی حکومت نے اس کے بعد چیف جسٹس کے ازخودنوٹس کے اختیارات میں کمی پر بل منظور کرالیا، 8رکنی بینچ نے بل کے قانون بننے سے ایک ہفتہ پہلے ہی اس کو معطل کردیا۔

مزید کہا گیا کہ چیف جسٹس اور وفاقی حکومت کے درمیان تصادم کی صورتحال پیدا ہو چکی ہے،آئینی بحران نے عمران حکومت کے خاتمے کے بعد سے جاری مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔

مضمون کے مطابق حکومتی اتحاد کا کہنا ہے کہ عمران خان کی ناکام خارجہ اور معاشی پالیسی اس کو نکالنے کی بنیادی وجہ تھی، وزیراعظم پاکستان جلد انتخابات کی مخالفت کر رہے ہیں، ان کے مطابق اس وقت توجہ دیوالیہ ہونے سے بچنے اور آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی پر ہونی چاہیے۔

بلوم برگ کے مطابق پاکستان کی سپریم کورٹ میں تقسیم نظر آ رہی ہے۔عمران خان ملٹری اسٹیبلشمنٹ، امریکہ سے دوبارہ تعلقات استوار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More