عید کی آمد کے موقع پر عیدی مانگنے کے دلچسپ واقعات بھی سامنے آنے لگے، قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے چاچا افتخار کو عیدی کیلئے گھیرے میں لے لیا، دلچسپ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان راولپنڈی میں میچ بارش کی وجہ سے ملتوی ہونے کے بعد ڈریسنگ روم میں قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے چاچا افتخار کو گھیرے میں لے لیا۔
قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان ویڈیو میں افتخار احمد سے عیدی مانگتے نظر آئے، بابراعظم نے افتخار احمد سے عیدی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا ہمیں عیدی دینا بنتا ہے، رضوان نے بھی بابر کا ساتھ دیا اور افتخار سےعیدی مانگی جبکہ فاسٹ باؤلر نسیم شاہ عیدی دیتے ہوئے نظر آئے۔
واضح رہے کہ عید کے موقع پر بڑوں کی جانب سے چھوٹوں کو عیدی دینا روایات کا حصہ ہے اور عید پر بچے اپنے بڑوں سے عیدی کا تقاضہ کرتے ہیں جبکہ پاکستان ٹیم میں افتخار احمد کو چاچا کے نام سے پکارا جاتا ہے اور افتخار احمد کو چاچا کا نام بھی بابر اعظم نے ہی دیا تھا۔
عید کا چاند نظر آنے کے بعد راولپنڈی ملتوی ہونے پر کھلاڑیوں نے اسکواڈ میں موجود بزرگ چاچا افتخار سے عیدی مانگ کر مداحوں کو بھرپور تفریح کا موقع دیدیا ہے اور ویڈیو پر دلچسپ تبصرے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔