’صائم ایوب بے غرض ہو کر دوسری بار ففٹی نہ بنا سکے‘

بی بی سی اردو  |  Apr 14, 2023

نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مہمان ٹیم کو 183 رنز کا ہدف دیا ہے۔

اس ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی باری جاری ہے۔

میچ کا سکور کارڈ

https://twitter.com/TheRealPCB/status/1646916581199589383

صائم ایوب کی جارحانہ باری اور میٹ ہنری کی ہیٹرک

لاہور میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے سلامی جوڑی کی صورت میں ٹیم میں واپسی کی۔

محتاط آغاز کے بعد 14 رنز کے مجموعی سکور پر دوسرے اوور میں رضوان آٹھ رنز پر ایڈم ملنے کی اندر آتی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

اس کے بعد 30 کے سکور پر بابر نو رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ ایڈم ملنے کی گیند پر قدم بڑھا کر آف سائیڈ پر شاٹ کھیلنے کی کوشش ناکام ثابت ہوئی کیونکہ یہ تیز گیند اندر آیا تھا۔

پھر فخر زمان اور صائم ایوب کی جارحانہ شراکت سے پاکستان نے پہلے چھ اوورز کے پاور پلے میں 52 رنز بنا لیے۔

دونوں کے درمیان 79 رنز کی شراکت قائم ہوئی جس کے بعد 12ویں اوور میں چاڈ بوز کی باؤنڈری سے ڈائریکٹ تھرو نے 47 رنز پر کھیلتے صائم ایوب کو پویلین واپس بھیج دیا۔ صائم نے 28 گیندوں پر چار چوکوں اور دو چھکوں کی زبردست باری کھیلی تھی۔

مگر وہ اپنے چوتھے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں پہلی نصف سنچری مکمل نہ کر پائے۔ خیال رہے کہ گذشتہ ماہ افغانستان کے خلاف اپنے تیسرے میچ میں بھی وہ 49 رنز پر آؤٹ ہوئے تھے۔

دریں اثنا پانچویں اور چھٹے نمبر پر بھیجے گئے شاداب خان اور افتخار احمد میٹ ہنری کے 13ویں اوور میں لگاتار دو گیندوں پر ایک ہی انداز میںآؤٹ ہوئے۔ دونوں کے کیچ وکٹ کیپر اور کپتان لیتھم نے تھامے۔

اگلے ہی اوور میں 47 رنز پر فخر زمان نے سوڈی کی گیند پر اپنی وکٹ گنوا دی۔

وکٹیں گرنے سے پاکستان کا رن ریٹ کم کیا۔ 18ویں اوور میں نیشم نے عماد وسیم کو 16 رنز پر آؤٹ کیا۔

19ویں اوور میں میٹ ہنری کی ہیٹرک مکمل ہوئی جب شاہین آفریدی نے باؤنڈری پر مچل اور بوز کے ایک عمدہ کیچ کی وجہ سے اپنی وکٹ گنوائی۔ ہنری نے اس سے قبل 13ویں اوور کی آخری دو گیندوں پر شاداب اور افتخار کی وکٹیں حاصل کی تھیں۔

https://twitter.com/MaryamK26666800/status/1646922908424388608

سوشل میڈیا پر ردعمل

صائم ایوب کی اننگز پر تبصرے: ’وہ بے غرض ہو کر دو بار ففٹی نہ بنا سکے‘

سوشل میڈیا پر صارفین نے جہاں پاکستانی بلے بازوں کے جارحانہ انداز کی کھل کر حمایت کی وہیں انھیں صائم ایوب کی نصف سنچری مکمل نہ ہونے کا افسوس رہا۔

https://twitter.com/muzamilasif4/status/1646927218373971968

https://twitter.com/arieba_chaudry/status/1646923038300987395

مریم نامی صارف نے لکھا کہ صائم بدقسمت رہے اور ففٹی سے تین رنز دور رن آؤٹ ہوگئے۔ ’وہ نصف سنچری کے مستحق تھے مگر اس نوجوان نے آگے لمبا سفر طے کرنا ہے۔‘

اریبہ نے کہا کہ ’سٹرائیک ریٹ اہمیت رکھتا ہے۔ صائم ایوب نے پاور پلے میں اچھا آغاز کیا اس لیے وہ اننگز خوبصورتی سے ڈھالنے میں کامیاب رہے۔ وہ بہترین ٹاپ آرڈر بلے باز ہیں۔‘

وہاج کی رائے میں وہ ’ایشیا کپ اور ورلڈ کپ میں پاکستان کا ٹرمپ کارڈ ثابت ہوسکتے ہیں‘ جبکہ زید کے مطابق وہ بے غرضی سے کھیلنے کی وجہ سے دو بار ففٹی نہ بنا سکے۔سدرہ نے چاڈ بوز کی فیلڈنگ پر داد دی۔

https://twitter.com/wahaj_athar/status/1646923101723303938

پاکستان کی ٹیم: بابر اعظم (کپتان)، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، فخر زمان، صائم ایوب، شاداب خان، افتخار احمد، عماد وسیم، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، زمان خان

نیوزی لینڈ کی ٹیم: ٹاپ لیتھم (کپتان اور وکٹ کیپر)، چاڈ بوز، ول ینگ، ڈیرل مچل، مارک چیمپین، جیمز نیشم، رچن رویندرا، ایڈم ملنے، میٹ ہنری، ایش سوڈی، بین لسٹر

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More