ریپ کا الزام، اپیل کورٹ نے ڈونلڈ ٹرمپ کو ریلیف دینے سے انکار کر دیا

اردو نیوز  |  Apr 14, 2023

امریکہ کی اپیل کورٹ نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ریپ کے الزام کے مقدمے میں کسی قسم کا ریلیف دینے سے انکار کرتے ہوئے کیس واپس نیویارک کی عدالت کو بھیج دیا ہے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق واشنگٹن ڈی سی کی اپیل کورٹ نے مصنفہ جین کیرل کی جانب سے دائر دو مقدمات میں ڈونلڈ ٹرمپ کو ریلیف دینے سے انکار کیا کہ سابق صدر کو استثنیٰ دینے کے لیے شواہد ناکافی ہیں۔

مصنفہ جین کیرل نے سال 2019 میں الزام عائد کیا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے تقریباً تیس سال قبل ان کا ریپ کیا تھا، تاہم سابق صدر نے یہ کہتے ہوئے ان الزامات کو مسترد کر دیا کہ وہ ان کی ’ٹائپ‘ نہیں ہیں۔

جین کیرل نے اپنی کتاب میں ریپ کا تمام واقعہ تفصیل سے بیان کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مین ہٹن کے ایک سٹور میں ان کی ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات ہوئی جب سابق صدر نے کسی خاتون کے لیے تحفہ خریدنے میں مدد مانگی، بعد ازاں ڈریسنگ روم میں ان پر جنسی حملہ کیا۔

واشنگٹن کی اپیل کورٹ نے کیس مین ہٹن کی سرکٹ کورٹ آف اپیل کو واپس بھیج دیا ہے جس نے گزشتہ ستمبر میں واشنگٹن کی عدالت سے رہنمائی مانگی تھی۔

اس کیس میں ٹرائل کے آغاز پر جین کیرل ممکنہ طور پر دو خواتین کو گواہوں کے طور پر پیش کریں گی جنہوں نے ٹرمپ کی جانب سے جنسی حملے کا دعویٰ کیا تھا۔

علاوہ ازیں جمعرات کو ڈونلڈ ٹرمپ دھوکہ دہی کے مقدمے میں اپنے دفاع میں شواہد سمیت نیو یارک کی اٹارنی جنرل لیٹیا جیمز کے سامنے پیش ہوئے۔

 ٹرمپ پر کاروباری دستاویزات میں جعل سازی پر 34 الزامات عائد ہوئے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پیسات گھنٹے جاری رہنے والی عدالتی کارروائی کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے کاروبار میں جعل سازی سے متعلق جوابات دیے۔

اٹارنی جنرل لیٹیا جیمز نے گزشتہ سال ستمبر میں نیویارک کی عدالت میں ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے تین بچوں کے خلاف دھوکہ دہی کا مقدمہ دائر کیا تھا۔

لیٹیا جیمز نے ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے بچوں پر الزام عائد کیا تھا کہ انہوں نے قرض لینے اور ٹیکس میں فائدہ حاصل کرنے کے لیے ریئل سٹیٹ پراپرٹی کی قدر میں غلط بیانی کی۔

ان الزامات کے ردعمل میں ڈونلڈ ٹرمپ نے لیٹیا جیمز پر بھی مقدمہ دائر کیا تھا۔

مارچ میں ڈونلڈ ٹرمپ نے عدالت سے کیس کی ڈیڈلائن چھ مہینے بڑھانے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ انہیں لاکھوں صفحات پر مشتمل دستاویزات کا جائزہ لینے کا موقع مل جائے گا۔

سابق صدر پر کاروباری لین دین کے ریکارڈ میں جعل سازی پر 34 الزامات عائد کیے جا چکے ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More