’انڈیا سری نگر میں جی 20 اجلاس منعقد کروانے کے لیے آزاد ہے‘

اردو نیوز  |  Apr 13, 2023

انڈیا نے سری نگر میں جی 20 اجلاس منعقد کروانے پر پاکستان کی مذمت کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے علاقے میں اجلاس بلانے کے لیے آزاد ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق جمعرات کو انڈیا کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ’جی 20 میٹنگز پورے انڈیا میں ہو رہی ہیں اور جموں و کشمیر میں ان کا انعقاد بھی ایک قدرتی عمل ہے، جو انڈیا کا اٹوٹ انگ ہے۔‘

گزشتہ جمعے کو انڈیا نے جی 20 اور یوتھ 20 اجلاسوں کا کیلنڈر جا ری کیا تھا جس کے تحت اس کا انعقاد اپریل اور مئی میں سری نگر اور لداخ میں ہونا ہے۔

گزشتہ روز پاکستان نے انڈیا کے زِیرانتظام کشمیر کے دارالحکومت سری نگر میں 22 سے 24 مئی کو جی 20 گروپ کا اجلاس منعقد کرنے کے انڈین حکومت کے فیصلے کی مذمت کی تھی۔

دفتر خارجہ کی ترجمان کی جانب سے منگل کو جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ’نوجوانوں کے امور پر ایک مشاورتی فورم (وائی 20) اور دو دیگر اجلاسوں کا لیہہ اور سری نگر میں شیڈول بھی اتنا ہی پریشان کن ہے۔‘

ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ ’انڈیا کا غیر ذمہ دارانہ اقدام اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کے اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے اور یہ انڈیا کی جانب سے جموں و کشمیر پر اپنے غیر قانونی قبضے کو برقرار رکھنے کے تازہ ترین اقدامات کی کڑی ہے۔‘

ترجمان نے کہا کہ ’پاکستان ان اقدامات کی شدید مذمت کرتا ہے، اس طرح کے اقدامات جموں و کشمیر کی حقیقت کو چھپا نہیں سکتے جو کہ ایک بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر سات دہائیوں سے زیادہ عرصے سے موجود ہے۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More