Getty Images
پاکستان سپر لیگ کے پہلے ایلیمنیٹر میچ میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 12 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کردیا ہے۔
دوسرے ایلیمنیٹر میں پشاور زلمی کا مقابلہ اب لاہور قلندرز کے ساتھجمعے کے روز ہو گا اور جیتنے والی ٹیم اتوار کو ملتان سلطانز کے ساتھ پی ایس ایل کا فائنل کھیلے گی۔
لاہور میں کھیلے گئے اس میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنائے۔
پشاور زلمی کی جانب سے کپتان بابر اعظم اور صائم ایوب نے اننگز کا آغاز کیا اور صرف پانچ اوورز میں 60 رنز بنا لیے۔
اس کے بعد صائم ایوب 23 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے لیکن بابر اعظم نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے اس ٹورنامنٹ میں اپنی پانچویں ففٹی مکمل کی۔ بابر اعظم 39 گیندوں پر 10 چوکوں کی مدد سے 64 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
ان کے بعد آنے والے کھلاڑیوں میں محمد حارث نے 34 رنز، حسیب اللہ نے 16 اور ٹام کوہلر نے 16 رن بنائے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے پشاور زلمی کے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ فہیم اشرف، حسن علی، فضل حق اور محمد وسیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
جواب میں اسلام آباد کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز بنا سکی اور نہ صرف یہ میچ ہاری بلکہ ٹورنامنٹ سے بھی آؤٹ ہو گئی۔
اسلام آباد کے صہیب مقصود 48 گیندوں پر 60 رنز بنا کر سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی رہے۔ اس کے علاوہ ایلکس ہیلز نے 57 جبکہ کپتان شاداب خان نے 26 رنز بنائے۔
پشاور زلمی کے عامر جمال اور سلمان ارشاد نے میچ کے آخری اوورز میں شاندار بولنگ کی اور دونوں نے دو دو وکٹیں حاصل کیں اور یہ ہی وکٹیں زلمی کی جیت کا سبب بھی بنیں۔
Getty Imagesپشاور زلمی کے عامر جمال اور سلمان ارشاد نے میچ کے آخری اوورز میں شاندار بولنگ کی اور دونوں نے دو دو وکٹیں حاصل کیں
سوشل میڈیا پر اس میچ کے بعد پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم اور دو دو وکٹیں لینے والے بولر عامر جمال اور سلمان ارشاد کو خوب سراہا گیا۔
عاطف نواز نے لکھا کہ ’128 رنز کے سکور پر اسلام آباد یونائیٹڈ کا ایک کھلاڑی آؤٹ تھا اور میچ ان کے ہاتھ میں تھا لیکن عامر جمال اور سلمان ارشاد نے گیند سے اپنے کرئیر کی بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔‘
نعمان طارق نے بابر اعظم کی کپتانی اور بیٹنگ کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ عامر جمال اور سلمان ارشاد کی بولنگ بھی ٹاپ کلاس تھی۔
یہ بھی پڑھیے
سلطانز، قلندرز کو ہرا کر پی ایس ایل فائنل میں: ’یہ ضرور آندھی کا قصور ہے ورنہ میری ٹیم تو ایسی نہیں‘
’ہم تین آرام کر رہے ہیں، اب سب چُپ ہو جائیں‘: بابر کی کپتانی ’خطرے میں نہیں‘ مگر شاہین کے پیغام پر تبصرے
پی ایس ایل:’جب میرا کیچ ڈراپ ہوا تو مجھے پتا چل گیا تھا کہ آج میرا لکی ڈے ہے‘
https://twitter.com/AatifNawaz/status/1636420883978829848
سپورٹس جرنلسٹ اویناش آریان نے لکھا کہ ’پشاور زلمی جیت گیا۔ ہاں کنگ بابر اعظم کی ففٹی اور بولرز نے بہترین کھیل پیش کیا۔‘
اس میچ میں جیت کے بعد پشاور زلمی اور بابر اعظم کے فینز پی ایس ایل کا فائنل جیتنے کے بارے میں بھی کافی پرامید اور پرجوش دکھائی دیے۔
ایک صارف نے لکھا کہ ’پشاور زلمی کی ٹیم اسلام آباد کے خلاف میچ جیت گئی اب کنگ بابر اعظم کے پی ایس ایل جیتنے کے منتظر ہیں۔‘
فائنل میں اپنی جگہ بنانے کے لیے جمعے کے روز پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کے درمیان ہونے والے میچ کے بارے میں صحافی وجاہت کاظمی نے لکھا کہ ’بابر اعظم بمقابلہ شاہین۔۔۔ کل پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کے درمیان میچ بہت دلچسپ ہونے والا ہے۔‘
https://twitter.com/KazmiWajahat/status/1636420580466409482