سلطانز، قلندرز کو ہرا کر پی ایس ایل فائنل میں: ’یہ ضرور آندھی کا قصور ہے ورنہ میری ٹیم تو ایسی نہیں‘

بی بی سی اردو  |  Mar 15, 2023

Getty Images

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں سیزن کے کوالیفائر میں ملتان سلطانز نے دفاعی چیمپیئن لاہور قلندرز کو یک طرفہ مقابلے کے بعد 84 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے کوالیفائر میچ میں ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

ملتان سلطانز کے اوپنرز محمد رضوان اور عثمان خان نے ٹیم کو اچھا اوپنگ سٹینڈ فراہم کیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے پہلی وکٹ کے لیے 53 رنز کی شراکت قائم کی، جس کے بعد حارث رؤف کی سلو ڈیلیوری نے عثمان خان کو بولڈ کر دیا۔

ملتان سلطانز کے لیے رن اگلنے والے رائلی روسو کا بلا بھی اس بار نہ چل سکا اور وہ صرف 13رنز بنانے کے بعد زمان خان کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔

کپتان محمد رضوان نے کیرن پولارڈ کے ساتھ مل کر ٹیم کا مجموعی سکور 90 رنز تک پہنچایا ہی تھا کہ راشد خان نے سلطانز کے کپتان کو 33 کے انفرادی سکور پر پویلین کی راہ دکھا دی۔

Getty Images

90 کے مجموعی سکور پر تین وکٹیں گرنے کے بعد پولارڈ کا ساتھ دینے ٹم ڈیوڈ آئے اور دونوں نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 65 رنز بنائے۔

پولارڈ نے قدرے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 34 گیندوں پر چھ چھکوں کی مدد سے 57 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو قابل دفاع مجموعے تک رسائی میں اہم کردار ادا کیا۔

155 کے سکور پر قلندرز کے حارث رؤف نے تیز ترین بولنگ کا مظاہرہ کیا اور یکے بعد دیگرے دو گیندوں پر پولارڈ اور پھر خوشدل شاہ کی وکٹ لے کر سلطانز کو بڑا نقصان پہنچایا۔

ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں پانچوکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنائے۔ لاہور قلندرز کی جانب سے حارث رؤف تین وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بولر رہے۔

Getty Imagesقلندرز کی اننگز کا تباہ کن آغاز

لاہور قلندرز کی اننگز کا آغاز تباہ کن انداز میں ہوا اور شیلڈن کوٹریل نے عمدہ سپیل کرتے ہوئے ابتدا میں ہی تین وکٹیں حاصل کر لیں۔

اننگز کے تیسرے ہی اوور میں کوٹریل نے طاہر بیگ اور عبداللہ شفیق کو اپنا شکار بنایا جبکہ دوسرے اینڈ سے انور علی نے فخر زمان کو بولڈ کر کے اپنی ٹیم کو اہم کامیابی دلائی۔

ٹیم کو مشکلات میں دیکھ کر کپتان شاہین شاہ آفریدی پہلے بیٹنگ کے لیے آئے لیکن کوٹریل نے قلندرز کو ایک اور نقصان پہنچاتے شاہین آفریدی کو صفر رن پر ہی چلتا کر دیا۔

https://twitter.com/aaliaaaliya/status/1636042187526873089

شاہین شاہ کے بیٹنگ آرڈر پر پہلے آ کر کھیلنے پر کرکٹ تجزیہ کار عالیہ رشید نے ٹویٹ کے ذریعے تبصرہکرتے ہوئے کہا کہ ’شاہین ابھی کافی جذباتی نوجوان ہیں، بیٹنگ کے لیے اوپر آنے کی کوئی منطق نہیں تھی۔‘

ان کے بعد لاہور قلندرز کے حسین طلعت اور سکندر رضا بھی ٹیم کو ہدف تک پہنچانے میں کامیاب نہ ہو سکے جبکہ سیم بلنگز بھی بڑا سکور کرنے میں ناکام رہے۔

Getty Images

اسامہ میر نے رضوان کی مدد سے راشد خان کو سٹمپ کرانے کے بعد ڈیوڈ ویزے کو بھی پویلین کی راہ دکھائی جبکہ ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے عباس آفریدی نے اپنے کھاتے میں ایک اور وکٹ کا اضافہ کرتے ہوئے قلندرز کی اننگز کا 76 رنز پر خاتمہ کر دیا۔

ملتان سلطانز نے دفاعی چمپیئن لاہور قلندرز کو 84 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

لیکن لاہور قلندرز کے پاس فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے کا ایک اور موقع ہے وہ پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائٹیڈ کے درمیان ہونے والے ایلیمنیٹر میچ کے فاتح سے جیت کر فائنل تک رسائی حاصل کر سکتی ہے۔

سوشل میڈیا ردعمل

ملتان سلطانز کی شاندار فتح پر سعد نامی ایک صارف نے لکھا کہ ’ملتان سلطانز نے مسلسل تیسری بار پی ایس ایل فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ یہ پی ایس ایل کی سب سے مستقل ٹیم اور محمد رضوان سب سے انڈر ریٹیڈ کپتان ہیں۔

https://twitter.com/SaadIrfan258/status/1636056570130837504

جبکہ آیت نامی صارف نے محمد رضوان کی کپتانی پر تبصرہ کیا کہ ’جو لوگ رضوان کو اس کی اننگز پر ٹرول کر رہے تھے اب آپ کیا کہنا چاہیں گے؟ وہ اس طرح کی پچ پر جمے رہے جہاں لاہور قلندرز کا کوئی بلے باز بھی زیادہ دیر تک نہیں ٹھہر سکا۔ نہ حالات کا پتا نہ پچ کا ٹرولنگ کروا لو ان سے بس۔‘

https://twitter.com/ayat_shah56/status/1636051014963937296

اسلام آباد یونائٹیڈ کے اسسٹنٹ کوچ سعید اجمل نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’ ملتان سلطانز آپ کو مبارک ہوں، کم ٹوٹل کا شاندار دفاع کرتے ہوئے میچ میں واپس آئے۔ مجموعی طور پر زبردست بولنگ کی ہے۔ امید ہے فائنل میں آپ سے سامنا ہو گا۔ لاہور قلندرز کے لیے آج بدقسمت دن تھا۔

https://twitter.com/REALsaeedajmal/status/1636057416176480256

ملتان سلطانز کے ہاتھوں لاہور قلندرز کی بری شکست اور صرف 76 رنزپر ڈھیر ہونے پر طنز کرتے ہوئےایک صارف نے لکھا کہ ’لاہوریوں آج کا میچ بھی صدقہ تھا کیا؟

https://twitter.com/MalikKhalid_02/status/1636059932716933120

جبکہ ایک صارف نے لکھا کہ ’لاہور میں آندھی آئی ہوئی ہے تو ضرور اس کا قصور ہے ورنہمیری ٹیم تو ایسی نہیں۔‘

https://twitter.com/khizrakamran04/status/1636055002157314051

تاہم میچ کا نتیجہ جو بھی ہوا لیکن شائقین کرکٹ کو قلندرز کے حارث رؤف کی بولنگ بہت اچھی لگی۔ متعدد سوشل نے انھیں ڈیلوری 154 کلومیٹر فی گھنٹہ کروانے پر دل کھول کر داد دی۔ ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More