یوکرین جنگ: چھ ماہ چھپے رہنے کے بعد روسی فوجی گرفتار

بی بی سی اردو  |  Mar 14, 2023

یوکرین کی پولیس نے ایک روسی فوجی کو حراست میں لیا ہے جس کا دعویٰ ہے کہ وہ چھ ماہ تک یوکرین کے علاقے خارکیو میں چھپا رہا ہے۔

خارکیو کی مقامی پولیس کا کہنا ہے 42 سالہ روسی فوجی کو یوکرین کی مسلح فوجیوں نے اس وقت روکا جب وہ کپیانسک ضلع میں گشت کر رہے تھے۔

گزشتہ برس ستمبر میں اس علاقے کا کنٹرول یوکرین نے واپس حاصل کر لیا تھا۔ یوکرینی فوجیوں نے بتایا کہ یہ روسی فوجی تب سے وہاں خالی پڑی عمارتوں میں چھپا ہوا تھا۔

پیر کو جب یوکرینی افواج نے اسے گرفتار کیا اس وقت وہ عام کپڑوں میں ملبوس تھا۔ ان کا دعویٰ ہے کہ یہ شخص روس کے ستائیسویں سیپریٹ گارڈز موٹر رائفل بریگیڈ کا ایکملازم تھا جو کہ ماسکو کا رہائشی ہے۔

پولیس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ مزید تفتیش کے لیے اسے مقامی تھانے لے جایا گیا۔

گزشتہ برس روس اور یوکرین کے درمیان شروع ہونے والی جنگ کے دوران کپیانسک شدید لڑائی کی زد میں رہا۔ کپیانسک ایک ریلوے جنکشن ہے اور جنگ کے آغاز کے چند ہی روز کے اندر روسی افواج نے اس علاقے پر کنٹرول حاصل کر لیا تھا۔ یہاں ان کا کنٹرول کئی ماہ تک رہا۔

یہ بھی پڑھیے:

یوکرین جنگ: باخمت کی لڑائی میں شدت، دونوں جانب سے بھاری نقصان کے دعوے

یوکرین جنگ صرف روس کی وجہ شروع نہیں ہوئی: پوپ فرانسس

کیا یوکرینی افواج کی حالیہ کامیابیاں روس کے ساتھ جنگ ​​میں ایک اہم موڑ ثابت ہو سکتی ہیں؟

حالانکہ گزشتہ ستمبر یوکرین نے اس علاقے کو دوبارہ حاصل کر لیا تھا لیکن روس کے دوبارہ یہاں کنٹرول حاصل کرنے کی کوششوں کا خطرہ ابھی ٹلا نہیں ہے۔

یہاں سکیورٹی کی غیر مستحکم صورت حال کے پیش نظر مقامی رہائشیوں کو علاقہ چھوڑ دینے کا حکم دیا گیا تھا۔

منگل کو خارکیو کی مقامی انتظامیہ کے سربراہ اولیگ سینیگوبوو نے کہا کہ خطے کے دیگر مقامات کی طرح یہ شہر بھی روسی افواج کی جانب سے ہونے والی فائرنگ کی زد میں ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More