دس روپے کی برف ۔۔ پتنگ اڑانا، ہنسنا کھیلنا اور ۔۔ ماضی کی کچھ خوبصورت یادیں

ہماری ویب  |  Mar 13, 2023

آج کے جدید اور ترقی یافتہ دور میں انسانوں کیلئے دوسروں کیلئے تو دور اپنے لئے وقت نکالنا بھی بہت مشکل ہوچکا ہے تاہم پاکستان کا ماضی ایسا تھا کہ آج بھی لوگ یاد کرکے پرانی یادوں میں کھوجاتے ہیں۔

آج جہاں ہر گھر میں مہنگے فریج ہیں وہیں ماضی میں دس روپے کی برف کولر میں ڈال کر پانی ٹھنڈا کیا جاتا تھا، چھٹی سے ایک روز قبل بڑے بزرگوں سے چھپ کر گھر میں وی سی آر لایا جاتا تھا۔

گھروں میں روشن دان کا رواج ، ہینڈ پمپ، قلم دوات، تختی، گاچی، بستہ، گلیوں میں چارپائیاں، لکن میٹی، چور سپاہی، شٹاپو،باندر کلا، کوکلا چھپاکی، یسو پنجو‘ چڑی اُڑی کاں اُڑا، صراحی، چائے کی پیالیاں، سیڑھیوں کے نیچے باورچی خانہ، بتیوں والا چولہا، ٹارزن، عمرو عیار، زنبیل، افراسیاب، چھڑی اور سائیکل کا ٹائر، دکان دار سے چونگا عام تھے۔

مرونڈا، گچک، سوکھا دودھ، ڈیکو مکھن ٹافی، لچھے، ون ٹین کا کیمرہ، مائی کا تنور، کوئلوں والی استری، پورے محلے میں ایک گھر میں فون سب کو جوڑتا تھا، گولی والی بوتل، جمعرات کی آدھی چھٹی، ٹٹوریل گروپ، بزمِ ادب، گلی میں پائپ سے پانی کا چھڑکائو، دروازے کی کنڈی، دیسی تالا، ہاون دستہ بھی ماضی میں  کھوچکے ہیں۔

دادی کی کہانیاں، اُڑن کھٹولے کے خواب، ڈھیلی جرابوں کے اوپر ربڑ چڑھانا، لوہے کی بالٹی، جست کے برتن، بھانڈے قلعی کرالو، بندر کا تماشا، بچے کی پیدائش پر خواجہ سرائوں کا رقص، گلی میں پکتی دیگ، چھت پر سونا، تاروں بھرا آسمان، دوپٹے کے پلو میں بندھے پیسے، انٹینا، چھت پر مٹی کا لیپ ماضی کا قصہ بن چکا ہے۔

پرانے سال کی ڈائری میں اقوال زریں‘ نعتیں اور اشعار لکھنا، ٹی وی کے اوپر خوبصورت غلاف چڑھائے رکھنا، کسی کے تالا لگے ٹیلی فون کے کریڈل سے ٹک ٹک کر کے کال ملانے کی کوشش کرنا۔

باراتوں پر سکے لوٹنا، سردیوں میں اُبلے ہوئے ایک انڈے کو بھی پورا مزا لے کر کھانا، محلے میں کسی کی وفات پر تدفین تک ساتھ رہنا بھی ماضی کی یادوں میں فن ہوچکا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More