وراٹ کوہلی کی 2019 کے بعد ٹیسٹ میچ میں پہلی سنچری، اپنے لاکٹ کو بوسہ اور مسکراتے ہوئے آسمان کی طرف دیکھا

بی بی سی اردو  |  Mar 12, 2023

Getty Images

آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز انڈیا کے وراٹ کوہلی 186 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور ان کی اس شاندار اننگز کی بدولت ان کی ٹیم کو اس ٹیسٹ میں آسٹریلیا پر برتری حاصل ہو گئی ہے۔

صرف یہی نہیں بلکہ 22 نومبر 2019 کے بعد سے وراٹ ٹیسٹ کرکٹ میں کوئی سنچری سکور نہیں کر سکے تھے مگر تین برس سے زیادہ عرصے کے بعد آخر کار انھوں نے ٹیسٹ میچ میں اپنی سنچری بھی سکور کر لی۔

واضح رہے کہ اس عرصے میں وراٹ کے ہاتھ سے کپتانی بھی گئی اور مایوسی کے بادل ان پر گہرے ہوتے گئے۔

ویراٹ کوہلی کی ٹیسٹ میچ کی 28ویں سنچری کی خوشی ان کے چہرے سے بھی عیاں تھی۔ جذباتی انداز میں وراٹ کوہلی نے اپنے گلے میں موجود لاکٹ کو بوسہ دیا اور مسکراتے ہوئے آسمان کی طرف دیکھا۔

وراٹ کوہلی نے آج آسٹریلیا کے خلاف 364 گیندوں کا سامنا کیا اور اپنی اننگز میں 15 چوکے لگائے۔ وہ آٹھ گھنٹے سے زیادہ کریز پر ڈٹے رہے۔

34 برس کے وراٹ کوہلی ڈبل سنچری کے قریب پہنچ کر 186 رنز پر ٹوڈ مرفی کی گیند پر مارنس لیبوشین کے ہاتھوں کیچآؤٹ ہو گئے۔

اس ٹیسٹ سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل کرنے والی انڈین ٹیم نے اس میچ میں بھی اپنی پوزیشن مضبوط بنا لی ہے۔

میچ میں انڈیا کی پوزیشن مضبوط کرنے اور شاندار اننگز کھیلنے پر شائقین کی طرف سے ویراٹ کوہلی کو سوشل میڈیا پر خوب شاباش ملی۔

پری نامی صارف نے لکھا کہ ’لوگ انھیں خود غرض قرار دے رہے تھے لیکن وراٹ نے انڈیا کے لیے آٹھ گھنٹے بیٹنگ کی۔‘

ایک اور صارف نے لکھا کہ ’کنگ کوہلی اپنی 75ویں سنچری کے ساتھ لوٹ آئے ہیں۔‘

https://twitter.com/BluntIndianGal/status/1634868660618792961

انڈین کرکٹر دینش کارتھیک نے لکھا کہ ’وراٹ پھر اپنی پوزیشن پر! یہ سنچری اعتماد اور بہترین (بلے باز) ہونے کا ثبوت ہے۔‘

انھوں نے مزید لکھا کہ ’حالات سے قطع نظر وراٹ نے جس نظم وضبط کا مظاہرہ کیا اور 75ویں سنچری اپنے نام کی۔ ترقی کی منزلیں طے کرتے جاؤ۔‘

اس موقع پر بین الاقوامی کرکٹرز کی طرف سے بھی وراٹ کی تعریف میں ٹویٹس سامنے آئیں۔

https://twitter.com/DineshKarthik/status/1634839542644736000?s=20

انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مائیکل وان نے لکھا کہ ’وراٹ کوہلی کو دوبارہ اپنی پٹری پر آتے دیکھ کر اچھا لگا۔ انھیں کھیلتے ہوئے دیکھ کو خوشی ہوتی ہے۔ تین برس بعد سنچری بنانا۔ میرے اندازے کے مطابق وہ کچھ اور ایسی اننگز بھی کھیلیں گے۔‘

سوشل میڈیا پر وراٹ کی تعریفوں کے درمیان پاکستان کرکٹ ٹیم کے کتپان بابر اعظم کے نام کی بھی گونج سنائی دی۔

پاکستانی صارف نواز نے لکھا کہ بابر اعظم نے ایک ٹی ٹوئنٹی میچ میں 39 گیندوں پر 73 رنز بنائے، جب درجہ حرارت 102 تھا۔ آج وراٹ کوہلی نے ٹیسٹ میچ میں 364 گیندوں پر 186 رن بنائے۔ یہ دونوں جینٹل مین اپنی گیمز سے ایسے ہی پیار کرتے ہیں۔‘

انڈیا سے ایک صارف نے لکھا کہ وراٹ کا فین ہونے کے لیے بابر اعظم سے نفرت کرنا ضروری نہیں اور بابر کا فین ہونے کے لیے وراٹ کو نیچا دکھانا ضروری نہیں۔ دونوں بہترین کرکٹر اور اپنے فینز کے دلوں کی دھڑکن ہیں۔‘

https://twitter.com/bikram123/status/1634835636250374145

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More