برطانوی حکومت کا افغان طالبات کو لندن سے منتقل کرنے کا فیصلہ، ’بڑا ظلم ہے‘

اردو نیوز  |  Mar 12, 2023

طالبان کے قبضے کے بعد برطانیہ میں پناہ لینے والی افغان لڑکیوں کو حکومت نے اچانک لندن سے دور منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ انہیں سکول کا سالانہ امتحان لینے کی بھی اجازت نہیں دی جا رہی۔

عرب نیوز کے مطابق دو 16 سالہ افغان لڑکیوں کے 15 مئی سے سالانہ امتحان شروع ہونے ہیں لیکن انہیں اہل خانہ سمیت لندن چھوڑنے کا نوٹس دیا گیا ہے۔

افغان لڑکیوں کی ہیڈ ٹیچر وکٹوریہ ٹلی نے برطانوی اخبار آبزرور کو بتایا کہ انہیں اس فیصلے سے بہت دکھ ہوا ہے جس سے 13 دیگر افغان طالبات بھی متاثر ہوں گی۔

لندن میں واقع فلحم کراس گرلز کی ہیڈ ٹیچر نے بتایا کہ یہاں سے منتقل ہونے کے بعد کوئی سکول انہیں اس موقع پر داخلہ نہیں دے گا اور ایسا سکول تلاش کرنے میں مشکل ہوگی جو یہی کتابیں اور نصاب پڑھا رہا ہو۔

ان دونوں افغان لڑکیوں کو مارچ کے آخر تک لندن سے 60 میل دور واقع نارتھیمپٹن شائر منتقل ہونے کا وقت دیا ہے۔

ہیڈ ٹیچر وکٹوریہ ٹلی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ ’ان بچیوں نے غیریقینی مشکلات جھیلی ہیں اور انتہائی خوفناک ہوٹل میں رہنے کے باوجود ان کے کام کرنے کا طریقہ غیرمتوقع طور پر اچھا ہے۔ اور جنرل سیکنڈری سکول سرٹیفکیٹ  کے امتحان سے محروم کرنا بہت بڑا ظلم ہے۔‘

’گزشتہ ہفتے ان میں سے ایک لڑکی زارا انتہائی پریشان حال میں میرے پاس آئی اور کہا ’مس یہ ہمیں منتقل کر رہے ہیں پلیز انہیں نہ کرنے دیں۔‘

زارا کے والد ادیب کوچی کے پاس برطانوی پاسپورٹ ہے جنہوں نے مقامی کونسل سے مدد کی درخواست کی ہے۔

 افغان پناہ گزینوں کا مستقبل ابھی تک غیریقینی کا شکار ہے۔ فوٹو: روئٹرزادیب کوچی کا کہنا ہے کہ وہ نارتھیمپٹن شائر جانے کے بجائے لندن کی گلیوں میں سونا پسند کریں گے۔

’میری اہلیہ معذور ہے اور بہت زیادہ بیمار۔ وہ لندن میں آپریشن کی تاریخ کا انتظار کر رہی ہیں۔ اور میری بیٹی کا امتحان ہونا ہے۔ پلیز ہمیں یہیں رکھیں۔‘

دوسری جانب وزارت داخلہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مقامی حکام پر لازم ہوگا کہ وہ منتقل ہونے والے افغان طالب علموں کو متعلقہ سکولوں میں داخلہ دیں تاکہ ان کی پڑھائی میں کوئی خلل نہ پیدا ہو۔

ترجمان نے مزید کہا ’ہمیں فخر ہے کہ 7 ہزار 500 سے زائد افغان پناہ گزینوں کو یہاں گھر دیا لیکن لندن میں مقامی حکام کے تحت فراہم کیے گئے گھروں کی کمی ہے اور ہوٹل طویل عرصے تک رہنے کی اجازت نہیں دیتے۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More