گلیڈی ایٹرز ایونٹ سے باہر:’کوئٹہ روسو کی تیاری کر کے آیا تھا لیکن عثمان خان آؤٹ آف سلیبس آ گیا‘

بی بی سی اردو  |  Mar 11, 2023

Getty Images

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے 28 ویں اور اہم ترین میچ میں ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو دلچسپ مقابلے کے بعد نو رنز سے شسکت دے کر پلے آف مرحلے میں جگہ بنا لی جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹر ایونٹ سے باہر ہو گئی ہے۔

راولپنڈی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

ملتان سلطانز کی جانب سے اننگز کا آغاز عثمان خان اور محمد رضوان نے کیا، عثمان خان نے اننگز کے آغاز سے ہی جارحانہ کھیل پیش کیا اور انھوں نے صرف 36 گیندوں پر پی ایس ایل کی تیز ترین سنچری سکور کر ڈالی۔

عثمان خان کی دھواں دار بیٹنگ نے گلیڈی ایٹرز کے بولرز کی لائن و لینتھ کو تہس نہس کر دیا۔

انھوں نے اپنے ساتھی کھلاڑی رائیلی روسو کی 41 گیندوں پر تیز ترین پی ایس ایل سنچری کا ریکارڈ توڑا اور عثمان خان مجموعی طور پر 43 گیندوں پر نو چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 120 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

ملتان سلطانز کے محمد رضوان نے بھی 26 گیندوں پر اپنی ففٹی مکمل کی اور وہ 55 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جبکہ رائیلی روسو 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

ٹم ڈیوڈ 43 اور کیرون پولارڈ 23 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے اور ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 262 رنز سکور کیے۔ جو پی ایس ایل کا اب تک کا سب سے بڑا ہدف ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل پی ایس ایل کی تاریخ کا سب سے بڑا سکور اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کے خلاف 2021 میں بنایا تھا جو 247 رنز تھا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے قیس احمد مہنگے ترین بولر ثابت ہوئے اور انھوں نے چار اوورز میں 77 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ محمد نواز نے بھی 50 رنز دیے اور ان کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

Getty Images

گلیڈی ایٹرز کی جانب سے اننگز کا آغاز اچھا نہ رہا، جیسن رائے، مارٹن گپٹل اور محمد حفیظ خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے لیکن اس کے بعد عمیر یوسف اور افتخار احمد نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناصرف اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں بلکہ کوئٹہ کو میچ میں واپس لے آئے۔

افتخار احمد 53 رنزبنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ عمیر یوسف نے 67 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، عمر اکمل نے بھی صرف 10 گیندوں پر تین چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 28 رنز بنائے، قیس احمد اور نوین الحق 17، 17 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے تاہم وہ اپنی ٹیم کو میچ نہ جتوا سکے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 253 رنز بنا سکی اور اس طرح اسے نو رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

مگر پی ایس ایل کا یہ میچ کئی حوالوں سے یادگار بن گیا کیونکہ اس میں میں کئی ریکارڈز بنے۔

ایک ریکارڈ تو ملتان سلطانز کے عثمان خان نے پی ایس ایل کی تیز ترین سنچری بنا کر قائم کیا تو دوسرا کوئٹہ کے قیس احمد کے حصہ میں آیا جو 77 رنز دے کر پی ایس ایل کی تاریخ کے مہنگے بولر بنے۔

Getty Images

آج کے میچ کا ایک اور ریکارڈ مجموعی طور پر سب سے زیادہ رنز بننے کا ہے۔ملتان سلطانز نے 262 اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 253 رنز بنائے، میچ میں مجموعی طور پر 515 رنز بنے جو نیا ٹی ٹوئنٹی ریکارڈ ہے۔

کوئٹہ اور ملتان کے میچ میں باؤنڈریز کا بھی نیا ریکارڈ بن گیا اور میچ میں دونوں ٹیموں نے مجموعی طور پر 78 باؤنڈریز لگائیں۔33 چھکوں اور 45 چوکوں کے ساتھ ایک ٹی ٹوئنٹی میں سب سے زیادہ باؤنڈریز کا ریکارڈ بنا۔ اس سے قبل پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے میچ میں 75 باؤنڈریز کا ریکارڈ بنا تھا۔

https://twitter.com/ChangeofPace414/status/1634613180231024640

مگر جو بھی ہوں شائقین کرکٹ تو آج صرف عثمان خان کے مداح بنے دکھائی دیتے ہیں۔ ان کی آج کی تیز ترین اور تباہ کن بیٹنگ پر سوشل میڈیا صارف دل کھول کر داد دے رہے ہیں۔

عاطف نواز نامی صارف نے ان کی اننگز پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا ’پی ایس ایل کے اس ایڈیشن کے پہلے میچ میں عثمان خان صفر پر آؤٹ ہوئے، تب کوئی ان کے بارے میں بات نہیں کر رہا تھا۔ تقریباً ایک مہینے بعد انھیں ایک موقع اور ملا اور اس بارپورا پاکستان ان کے بارے میں بات کر رہا ہے۔ ایک ناقابل یقین اننگز۔ بھرپور جارحیت اور تفریح سے بھری اننگز۔‘

https://twitter.com/AatifNawaz/status/1634564285014724610

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق سپنر اور اسلام آباد یونائٹیڈ کے اسسٹنٹ کوچ سعید اجمل نے عثمان خان کی اننگز پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ’ میدان کے ہر طرف آگ کے گولے برسائے عثمان خان کی 36 گیندوں پر غیر معمولی سنچری‘

https://twitter.com/REALsaeedajmal/status/1634566422469947392

ایک صارف نے لکھا ’کوئٹہ گلیڈی ایٹر ریلی روسو کی تیاری کر کے آئے تھے لیکن عثمان خان آؤٹ آف سلیبس آ گیا۔‘

https://twitter.com/Musskey/status/1634566969499197440

جبکہ ایک صارف نے راولپنڈی سٹیڈیم کی پچ پر عثمان خان کی بیٹنگ کے بارے میں لکھا ’ مجھے امید ہے کہ اس طرح کی پچ پر تیز ترین سینچری بنانے کے بعد ہم عثمان خان کو قومی ٹیم میں شامل کرنے کا کہنا شروع نہیں کریں گے۔‘

https://twitter.com/shayaannn00/status/1634564226759946241

ایک صارف نے راولپنڈی سٹیڈیم جیسی بیٹنگ وکٹس بنانے پر تبصرہ کیا کہ ’پی سی بی مستقبل میں پی ایس ایل کے لیے ایسی بیٹنگ وکٹس تیار نہ کرے۔ یا تو بولر اور بیٹرز دونوں کے لیے پچز بنائی جائیں یا پھر باؤنڈری کے سائز میں اضافہ کریں۔میں ان میچز میں بولرزکی دھلائی سے بالکل بھی لطف اندوز نہیں ہو رہا ہوں اور مجھے یقین ہے کہ آپ میں سے کچھ نہیں ہوں گے۔‘

https://twitter.com/Saqibca/status/1634614190668148738

جبکہ ایک صارف نے ایونٹ سے باہر ہونے والی کوئٹہ گلیڈی ایٹر کو مشورہ دیتے ہوئے لکھا کہ ’کوئٹہ گلیڈی ایٹر اگلے برس صرف سکواڈ میں تبدیلیاں کر کے نہیں بلکہ ٹیم منیجمنٹ کی سوچ بھی تبدیل کر کے ایونٹ میں آئیں، آپ نے صائم ایوب، عثمان خان اور اعظم خان جیسے کھلاڑیوں کو چھوڑ کر سنگین غلطیاں کیں۔ میرا مشورہ ہے کہ نئے کپتان کے بارے میں سوچیں جو بہتر ہو اور مثال قائم کر کے رہنمائی کرے۔ جائیں، اس بارے میں سوچیں اور ایک دھماکے سے واپس آئیں۔‘

https://twitter.com/Rnawaz31888/status/1634618494439378945

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More