پاکستان سپر لیگ کے 27 ویں میچ میں ملتان سلطانزنے پشاور زلمی کی جانب سے دیا گیا 243 رنز کا ہدف حاصل کر کے نہ صرف میچ جیتا بلکہ پلے آف مرحلے کے لیے بھی کوالیفائی کر لیا ہے۔
ملتان کی جیت میں اہم کردار رائلی روسو کی شاندار سنچری نے ادا کیا۔ روسو نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 41 گیندوں پر پاکستان سپر لیگ کی تاریخ کی تیز ترین سنچری سکور کر کے اپنا ہی 43 گیندوں پر سنچری کا سابقہ ریکارڈ توڑ دیا۔
رائلی روسو نے 51 گیندوں پر 8 چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 121 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس پر انھیں پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
روسو کا کہنا تھا ’میں نے گذشتہ رات جیسن رائے کی بات سے اثر لیا کہ جب آپ اتنے زیادہ سکور کا تعاقب کر رہے ہوتے ہیں تو آپ کو پہلی گیند سے شروع کرنا پڑتا ہے۔ یہ میری اب تک کی بہترین ٹی 20 اننگز ہوسکتی ہے کیونکہ اس میں رنز کا تعاقب کرنا تھا اور اس میں اضافی دباؤ ہوتا ہے اور شاید یہ میری اب تک کی بہترین اننگز ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’کچھ خوش قسمت شاٹس، کچھ خراب بولنگ آپ کو 240 رنز تک پہنچا دیتے ہیں۔ ‘
سوشل میڈیا پر بھی روسو کی سنچیوں کا چرچا ہے۔ کرن خان نامی صارف کا کہنا تھا کہ’رائلی روسو نے پاکستان سپر لیگ میں دو تیم ترین سنچریاں بنا ڈالی ہیں۔‘
ایک صارف منیبہ چوہدری کے خیال میں پشاور زلمی کی بیٹنگ تو اچھی تھی لیکن بولنگ میں کمی رہ گئی۔ وہ کہتی ہیں ’رائلی نے پشاور کو ایسے دھویا جیسے واشنگ مشین میں کپڑے دھلتے ہیں، اس میں کوئی شک نہیں کہ پشاور زلمی نےاچھا کھیلا لیکن بولنگ۔۔۔‘
راولپنڈی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں پشاور کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور چھ وکٹوں کے نصان پر 242 رنز بنائے۔ جواباً ملتان سلطانز نے 243 رنز کا ہدف 20 ویں اوور کی پہلی گیند پر 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر دیا۔
پشاور زلمی میچ تو ہار گئی لیکن وہ دو میچوں میں مسلسل 240 سے زیادہ رنز بنانے والی پہلی ٹی 20 فرنچائز ٹیم بن گئی ہے۔ تاہم دونوں میچوں میں مجموعی سکور کا دفاع کرنے میں ناکام رہی اور یہ بھی پی ایس ایل تاریخ کا حصہ بن گیا۔
پی ایل ایس میں کِس کِس کے پاس موقع ہے ؟
اس میچ کے بعد صورتحال دلچسپ ہو گئی ہے پشاور زلمی کو پلے آف میں جگہ بنانے کے لیے اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دینا ہوگی۔ اگر وہ ایسا کرتے ہیں اور ملتان اپنے آخری میچ میں کوئٹہ کو شکست دیتا ہے تو ملتان اسلام آباد کو پیچھے چھوڑ کر دوسرے نمبر پر آ جائے گا۔ اگر زلمی اسلام آباد سے ہار جاتی ہے تووہ اسی صورت میں پلے آف میں پہنچ سکتے ہیں اگر اسلام آباد کو ملتان کے ہاتھوں شکست ہو جائے۔
بصورت دیگر پشاور زلمی کی شکست اور ملتان کی شکست سے کوئٹہ کے لیے نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر چوتھے اور آخری پلے آف میں جگہ بنانے کے دروازے کھل سکتے ہیں۔
زلمی کے قائم مقام کپتان ٹام کوہلر کیڈمور کا کہنا ہے کہ ’گزشتہ میچ میں ہم نے جیسن روئے کو ناقابل یقین سنچری بناتے دیکھا تھا اور آج رائلی نے اچھا کھیلا۔ جب بلے باز اتنا اچھا کھیلتے ہیں، تو کبھی کبھی آپ کو ان کی تعریف کرنا پڑتی ہے۔آج رات جس طرح رائلی میدان میں اترے، انھوں نے ہمیں پہلی گیند سے دباؤ میں ڈال دیا اور جب کھلاڑی اچھی بیٹنگ کر رہے ہوں تو آپ کو ایک منصوبہ بندی کی ضرورت ہوتی ہے۔ ہم ابھی بھی کوالیفائی کر سکتے ہیںابھی تین میچز ہیں اور ہم جیت سکتے ہی۔‘