آسٹریلوی وزیراعظم کے دورہ انڈیا کا کرکٹ ڈپلومیسی سے آغاز

اردو نیوز  |  Mar 10, 2023

انڈیا اور آسٹریلیا کے وزرائے اعظم نے جمعرات کے روز دونوں ممالک کے تعلقات کو کرکٹ ڈپلومیسی کا رنگ دے دیا جب انہوں نے مغربی شہر احمدآباد میں اپنی ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ میچ کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانی اور ان کے انڈین میزبان نریندر مودی نے قومی نشانات والی ٹوپیاں حریف کپتانوں سٹیو سمتھ اور روہت شرما کے حوالے کیں۔

دونوں وزرائے اعظم نے نریندر مودی کے نام سے منسوب کرکٹ سٹیڈیم کا چکر لگاتے ہوئے تماشائیوں کی طرف دیکھ کر ہاتھ ہلایا اور بعد میں میچ دیکھنے بیٹھ گئے۔

نریندر مودی اور انتھونی البانی نے دونوں ملکوں کے کرکٹ کے تعلقات کو اُجاگر کرنے کے حوالے سے ایک تصویری نمائش بھی دیکھی۔

انگلینڈ اور آسٹریلیا کی ایشز ٹیسٹ سیریز کی طرح انڈیا اور آسٹریلیا بھی ٹیسٹ میچز میں ایک دوسرے کے بڑے حریف سمجھے جاتے ہیں۔

آسٹریلوی وزیراعظم بدھ کو انڈیا کے چار روزہ دورے کے آغاز پر نریندر مودی کی آبائی ریاست گجرات کے ایک اہم شہر احمد آباد پہنچے تھے۔

انتھونی البانی نے موہن داس گاندھی کی ایک رہائش گاہ سابرمتی آشرم کا دورہ کیا اور انڈیا کی آزادی کے رہنما کو خراج عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے بعد میں ریاست کے گورنر کی رہائش گاہ پر ہندوؤں کے تہوار ہولی سے متعلق ایک ثقافتی تقریب میں بھی شرکت کی۔

بعدازاں آسٹریلوی وزیراعظم جمعرات کو ممبئی پہنچے جہاں انہوں نے انڈیا کے مقامی طور پر تیار کیے گئے بحری بیڑے آئی این ایس وکرانت کا معائنہ کیا۔

انڈیا اور آسٹریلیا کے وزرائے اعظم کے درمیان مذاکرات کا آغاز جمعے کو دارالحکومت نئی دہلی میں ہوگا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More