’مذہبی ہم آہنگی‘، ہماچل پردیش میں مسلمان جوڑے کی مندر میں شادی

اردو نیوز  |  Mar 06, 2023

انڈیا کی ریاست ہماچل پردیش کے شہر شملہ میں مسلمان جوڑے نے مندر میں شادی کر لی ہے۔

انڈین ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق معاشرے میں مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے اتوار کے روز مسلمان جوڑے نے ضلع شملہ کے علاقے رام پور میں واقع ہندو مندر میں شادی کی۔

مسلمان جوڑے کی شادی ٹھاکر ستیانرائن مندر میں ہوئی جسے وشوا ہندو پرشاد کے زیر نگرانی چلایا جاتا ہے۔

نو بیاہتا جوڑے کا نکاح مندر میں نکاح خواں، گواہان اور ایک وکیل کی موجودگی میں ہوا۔

مندر میں مسلمان جوڑے کی شادی کا مقصد عوام الناس میں مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارے کا فروغ ہے۔

مندر کے جنرل سیکریٹری ونے شرما کہتے ہیں کہ ’اس مندر کو وشوا ہندو پرشاد اور آر ایس ایس چلاتے ہیں۔ ان دونوں جماعتوں کو مسلمان مخالف سمجھا جاتا ہے لیکن یہاں مسلمان جوڑے کی شادی ہندو مندر کے احاطے میں ہوئی۔‘

لڑکی کے والد مہندرا سنگھ ملک کا کہنا ہے کہ ’میری بیٹی کی شادی ستیا نرائن مندر میں ہوئی۔ اس شہر کے لوگ چاہے وہ منتظمین ہوں یا مندر کے ٹرسٹ والے، انہوں نے ایک مثبت اور یکجہتی کا پیغام دیا ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’اس کے ذریعے رام پور کے لوگوں نے سب کو بھائی چارے کا پیغام دیا ہے اور کوئی اس غلط فہمی میں نہ رہے کہ ہمارا بھائی چارہ خراب ہو گیا ہے۔‘

مہندرا سنگھ ملک نے یہ بھی بتایا کہ ان کی بیٹی ایم ٹیک سول انجینیئر ہونے کے ساتھ ساتھ گولڈ میڈلسٹ ہے اور ان کے داماد بھی سول انجینیئر ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More