پاکستان میں ان دنوں پی ایس ایل کا میلہ جاری ہے، کرکٹ شائقین سنسنی خیز مقابلوں کے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں کی حرکتوں اور بیان بازی سے بھی محظوظ ہورہے ہیں تاہم اس دوران کچھ سنجیدہ نوعیت کے جھگڑے اور بیانات بھی میڈیا کی زینت بن رہے ہیں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کچھ سینئر کھلاڑیوں کی قومی ٹیم میں شمولیت میں رکاوٹ کی وجہ سے سب سے زیادہ تنقید کی زد میں ہیں اور پی ایس ایل فرنچائز کراچی کنگز چھوڑنے کے بعد انہیں کراچی کنگز کے کھلاڑی کی شدید مخالفت کا بھی سامنا ہے۔
پی ایس ایل کے میچز کے دوران بابر اعظم اور قومی ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر محمد عامر کے درمیان شدید تناؤ دیکھا جارہا ہے اور محمد عامر کئی بار بابر اعظم کیلئے کچھ غیر شائستہ حرکتیں کرتے بھی دکھائی دیئے۔
کراچی اور پشاور کے گزشتہ میچ میں بھی محمد عامر نے بابر اعظم کو آؤٹ کرکے کچھ ایسے اشارے کئے جس پر شائقین کرکٹ کے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں میں بھی تشویش کی لہر دوڑ گئی۔
اس حوالے سے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے افتخار احمد المعروف چاچا کا کہنا تھا کہ بابر اعظم پر تنقید کرنا گناہ ہے کیونکہ آپ کو بابر پر تنقید سے پہلے اپنا لیول دیکھنا چاہیے کہ آپ کی اتنی اوقات نہیں کہ آپ بابر پر تنقید کریں۔
بابر اس وقت دنیا کا سب سے بڑا کھلاڑی ہے اور آپ اپنی حیثیت کے مطابق بات کریں اور اگر آپ کو بابر کے حوالے سے بات کرنی ہے تو پہلے اس قابل بنیں پھر بات کریں۔