روس کی جانب سے اُس کے خود مختار پڑوسی مُلک یوکرین پر ظالمانہ حملہ کا ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر ریاستہائے متحدہ امریکہ، اس کے اتحادی اور دنیا بھر سے تمام شراکت دار یوکرین کی حمایت اور روس کے جوابدہ ہونے پر متحد ہیں۔
یوکرین کی جنگ کی نوعیت بہت بڑی ہے اور امریکی عوام جانتے ہیں کہ آزادی، جمہوریت، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے اصولوں پر ایسی صریح جارحیت پر خاموشی اختیار کرنا دنیا کو سنگین نتائج کی جانب دھکیل دے گا۔
یوکرین کے لوگوں کی مدد پر مرکوز ہماری اس کوشش کو شُمالی امریکہ اور یورپ سے لے کر ایشیا تک پچاس سے زائد مُمالک کی حمایت حاصل ہے اور وہ اس سلسلے میں عسکری، معاشی اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر مدد فراہم کرنے میں مصروف عمل ہیں۔
پیوٹن کا خیال تھاکہ وہ یوکرین کو روند ڈالے گا، لیکن یہ اُس کی غلط فہمی تھی۔ ایک برس بیت چُکا ہے تاہم ہمارے عزم میں کوئی کمی نہیں آئی۔ یوکرین کی قوم نے اپنی آزادی کے دفاع کے عزم اور میدانِ جنگ میں اپنی مہارتوں کا لوہا منوایا ہے۔ ریاستہائے متحدہ امریکہ، ہمارے اتحادی اور شراکت دار اس امر کومسلسل یقینی بنائیں گے کہ یوکرین کے پاس جب تک ضرورت ہو اپنے شہریوں اور علاقوں کو روسی جارحیت سے محفوظ رکھنے کے لیے درکار اشیاء موجود ہوں۔
یوکرین پر روس کے وحشیانہ حملے کے ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کو یوکرین کے پرچم کے رنگوں سے روشن کیا گیا ۔ نیچے تصویر ملاحظہ کیجئے۔