سدھو موسے والا کے قتل کے الزام میں قید دو افراد جیل میں ہلاک

اردو نیوز  |  Feb 26, 2023

انڈین پنجاب کے مشہور گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کے الزام میں ضلع ترن تارن کی ایک جیل میں قید دو ملزم ایک جھگڑے کے دوران ہلاک ہو گئے ہیں۔

انڈین چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ پنجاب کے گوئندوال صاحب جیل میں سدھو موسے والا کے قتل کے الزام میں قید دو ملزم ’قیدیوں کے جھگڑے‘ کے دوران ہلاک ہو گئے ہیں۔

جیل سینیئر سپرنٹینڈنٹ آف پولیس گُرمیت سنگھ چوہان کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دونوں قیدی دیگر مقدموں میں بھی نامزد تھے۔

جیل کے اندر ہونے والے جھگڑے میں ایک قیدی شدید زخمی بھی ہوا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک اور زخمی ہونے والے تینوں افراد کا تعلق ایک ہی گروپ سے ہے۔

ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت مندیپ سنگھ اور منموہن سنگھ کے نام سے ہوئی ہے۔

خیال رہے کانگریس کے رکن گلوکار سدھو موسے والا کو 29 مئی 2022 میں انڈین پنجاب کے ضلع مانسہ میں فائرنگ کر کے قتل کیا گیا تھا اور وہ موقعے پر ہی دم توڑ گئے تھے۔

انڈین اداروں کی تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی تھی کہ سدھو موسے والے کے قتل کا ماسٹر مائنڈ بدنام زمانہ گینگسٹر لارنس بشنوئی تھا جبکہ کینیڈا میں مقیم اس کا قریبی ساتھی گولڈی برار بھی اس کیس میں زیر تفتیش رہا ہے۔

گزشتہ برس انڈیا کی نیشنل کرائم ایجنسی نے لارنس بشنوئی کے خلاف ایک اور مقدمے میں تحقیقات شروع کی تھیں۔ لارنس بشنوئی پر الزام ہے کہ اس نے نوجوان افراد کو بھرتی کر کے دارالحکومت نئی دہلی اور ملک کے دیگر حصوں میں حملوں کی منصوبہ بندی کی تھی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More