بالی وُڈ اداکار اکشے کمار نے ایک انوکھا ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔اکشے کمار نے اپنی آنے والی فلم ’سیلفی‘ کی تشہیری مہم کے دوران مداحوں کے ساتھ تین منٹوں میں 184 سلفیاں بنائیں۔ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اکشے کمار تیزی سے اپنے مداحوں کے ساتھ باری باری سیلفیاں لے رہے ہیں۔ادھر گینز ورلڈ ریکارڈز کی جانب سے بھی سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اکشے کمار کی تین منٹوں میں سب سے زیادہ سیلفیاں لینے کی تصدیق کر دی گئی ہے۔گینز ورلڈ ریکارڈ نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’اکشے کمار کو مبارک ہو۔ جو اب تین منٹوں میں سب سے زیادہ 184 سیلفیاں لینے کا ریکارڈ بنا چکے ہیں۔‘گینز ورلڈ ریکارڈ کے مطابق اکشے کمار نے ممبئی میں واقع محبوب سٹوڈیو میں یہ ریکارڈ قائم کیا جہاں ان کے 240 مداح موجود تھے۔Congratulations to @akshaykumar who is now a new record holder for most selfies in three minutes with 184 pic.twitter.com/jCdgtIXJzL
— (@GWR) February 23, 2023
اس ریکارڈ کے دوران انہوں نے 209 سیلفیاں بنوائیں تاہم 184 کے علاوہ بقیہ سیلفیوں کو دھندلا ہونے کے باعث ریکارڈ کے لیے ناقابل قبول قرار دے دیا گیا۔ View this post on Instagram A post shared by Akshay Kumar (@akshaykumar)اس سے قبل یہ ریکارڈ جیمز سمتھ نامی ایک برطانوی شہری کے پاس تھا جنہوں نے تین منٹوں میں 168 سیلفیاں بنائی تھیں۔تین منٹوں میں سب سے زیادہ سیلفیاں بنانے کا ریکارڈ ہالی وُڈ کے سپر سٹار ڈیوین جانسن المعروف دی راک کے پاس بھی رہ چکا ہے۔دی راک نے 2015 میں اپنی فلم ’سین اینڈریاز‘ کے پریمیئر کے موقع پر تین منٹوں میں مداحوں کے ساتھ 105 سیلفیاں بنوائیں تھیں۔ دوسری جانب اکشے کمار اور عمران ہاشمی کی فلم ’سیلفی‘ بھی جمعے کے روز ریلیز کے لیے تیار ہے۔ٹریلر کے مطابق فلم کی کہانی وجے کمار (اکشے کمار) نامی ایک فلمی ہیرو اور اوم پرکاش (عمران ہاشمی) نامی ایک پولیس افسر کے گرد گھومتی ہے جو اپنے پسندیدہ اداکار کا مداح ہے اور اس کے ساتھ سیلفی بنوانا چاہتا ہے تاہم اس مقصد میں ناکام ہونے کے بعد وہ پولیس کے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے سیلفی کی خاطر وجے کمار کو ڈرائیونگ لائسنس لینے کے لیے پولیس سٹیشن طلب کرتا ہے جہاں سے دونوں کے درمیان معاملات تلخ ہوجاتے ہیں۔فلم میں اکشے کمار اور عمران ہاشمی کے علاوہ اداکارہ نٗشرت بھروچا مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں جبکہ فلم کی ہدایتکاری راج مہتا نے کی ہے۔ خیال رہے سیلفی 2019 میں ریلیز ہونے والی جنوبی انڈیا کی ملیالم فلم انڈسٹری کی فلم ’ڈرائیونگ لائسنس‘ کا ہندی ریمیک ہے۔