گستاخانہ مواد نہ ہٹانے پر پی ٹی اے نے پاکستان میں وکی پیڈیا سروسز کو بلاک کر دیا، صارفین معلومات تک رسائی سے محروم ہوگئے۔
پی ٹی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ عدالتی احکامات کے تحت نوٹس جاری کرکے گستاخانہ مواد ہٹانے کے لیے وکی پیڈیا سے رابطہ کیا گیا تھا تاہم وکی پیڈیا نے گستاخانہ مواد ہٹانے کی تعمیل نہیں کی جس کی وجہ سے ایچ بی ڈی سروسز کو 48 گھنٹے کے لیے بند کیا گیا۔
دوسری جانب آن لائن انسائیکلو پیڈیا سروس وکی پیڈیا کا کہنا ہے کہ پی ٹی اے نے ہماری سروس اور تمام پراجیکٹس کو پاکستان میں بلاک کر دیا ہے۔
ہمیں پی ٹی اے کی جانب سے یکم فروری کو بتایا گیا کہ وکی پیڈیا کی سروس کو 48 گھنٹوں کے لیے ڈی گریڈ کر دیا گیا ہے اور پھر 3 فروری کو غیر قانونی مواد کا جواز بنا کر ہماری سروس کو پاکستان میں مکمل طور پر بلاک کر دیا گیا۔
وکی پیڈیا کا کہنا ہے کہ ہم ’معلومات سب انسانوں کے لیے‘ پر یقین رکھتے ہیں اوروکی پیڈیا کی سروس کو پاکستان میں بلاک کرنے کا مطلب ہے کہ دنیا کی پانچویں بڑی آبادی کو بلا معاوضہ معلومات کی رسائی سے محروم کر دیا گیا ہے، اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو ہر کوئی پاکستان کی تاریخ اور ثقافت تک رسائی سے محروم ہو جائے گا۔