پاکستان میں مہنگائی اس وقت تاریخ کی بلندیوں کو چھو رہی ہے اور غریب ہی نہیں بلکہ متوسط طبقے بھی دو وقت کی روٹی کیلئے پریشان ہیں، سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں ایک بچہ اپنے استاد کو روتے ہوئے گھر میں آٹا نہ ہونے کی وجہ سے بھوکا سونے کا بتارہا ہے۔
ملک میں رواں ہفتے مہنگائی بڑھ کر 32اعشاریہ 57 فیصد ہوچکی ہے، 51 اشیائے ضروریہ میں سے 25 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 6 کی قیمتوں میں کمی اور 20 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہی ہیں۔
رواں برس پیاز کی اوسط قیمت میں 207روپے فی کلوگرام اضافہ ہواجو گزشتہ برس39روپے فی کلوتھی جو بڑھ کر 246 روپے 57 پیسے ہو گئی ہے، ایل پی جی کے سلنڈر کی قیمت میں561 روپے، چاول 42 روپے فی کلو، چاول باسمتی کی قیمت میں 62روپے فی کلوگرام، کیلا 45روپے فی درجن، لہسن 70روپے فی کلوگرام، گندم کا 20 کلو گرام آٹے کی اوسط قیمت میں 568 روپے اضافہ ہوا۔
دال چنا 73روپے فی کلوگرام ، انڈے 119روپے فی درجن، بریڈ 30روپے، مٹن کی اوسط قیمت 363روپے فی کلو، بیف 124روپے فی کلو، گھی کی قیمت میں گزشتہ برس کے مقابلے میں 108روپے اضافہ ہوا، مرغی کی اوسط قیمت میں 187روپے فی کلوگرام اضافہ ہوا، تازہ دودھ کی قیمت میں 35روپے فی کلوگرام، پتی 187روپے190گرام کے فی پیک اضافہ ہوا۔
پیٹرول کی قیمت 67روپے فی لٹر، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 83روپے فی لٹر اضافہ ہوا، گزشتہ برس کے مقابلے میں ٹماٹر کی قیمت میں22روپے فی کلوگرام کمی ہوئی، بجلی کی قیمت میں فی یونٹ ایک روپے کمی ہوئی ، آلو، چینی کی قیمتیں برقرار رہیں۔
ویڈیو میں ایک چھوٹا سے بچے اپنے استاد کو بتارہا ہے کہ گھر میں آٹا نہیں ہے اس لئے رات کو بھوکا سویا تھا اور اب مدد کیلئے آپ کو بتایا ہے کیونکہ غربت کی وجہ سے استاد نے ہی اس بچے کو اسکول میں داخل کروایا تھا اور اس سے پہلے بھی بچے کے گھر راشن بھجوایا تھا۔
روتے ہوئے بچے کو دیکھ کر استاد بھی آبدیدہ ہوگئے اور بچے کے بتانے پر مہینے بھر کیلئے ایک من آٹا اس کے گھر پہنچانے کا وعدہ کرکے بچے کو دوبارہ رونے اور بھوکا سونے سے بھی منع کیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو پر لوگوں نے شدید رنج و غم کے ساتھ موجودہ حالات میں ہر گھر میں ایسے ہی حالات کا اظہار کیا۔