پشاور پولیس لائنز میں واقع مسجد میں خودکش دھماکے سے 28 اہلکار شہید ہو گئے ہیں جبکہ 150 سے زائد افراد زخمی ہیں۔
پولیس کی اطلاعات کے مطابق پولیس لائنز کی مسجد میں باجماعت ظہر کی نماز ادا کی جا رہی تھی جس کے دوران پہلی صف میں موجود خود کش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد مزید بڑھنے کا بھی خدشہ ہے۔ اس دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی۔
اسپتال ذرائع کے مطابق خود کش دھماکے کے 18 زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
لیڈی ریڈنگ اسپتال کی انتظامیہ نے شہریوں سے خون کے عطیات دینے کی اپیل کی ہے۔
دھماکے میں ایس پی نور زمان بھی زخمی ہوئے ہیں جنہیں سی ایم ایچ منتقل کر دیا گیا ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے پولیس لائنز پشاور کی مسجد میں خود کش دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں امن وامان کی بگڑتی صورتحال پر جامع حکمت عملی اپنائیں گے۔ ناحق شہریوں کا خون بہانے والوں کو عبرت کا نشان بنائیں گے۔ اللہ تعالی کے حضور سربسجود مسلمانوں کا بہیمانہ قتل قرآن کی تعلیمات کے منافی ہے۔‘ْ