“میرے بچے کو اسکول میں اردو بولنے پر شدید ہراساں کیا گیا۔ چھوٹے سے بچے کے چہرے پر استاد نے کالک مل دی اور اسے بچوں کے سامنے کھڑا کر کے کہا کہ اس پر ہنسیں۔ میں اپنے بچے کو یہاں مزید نہیں پڑھاؤں گا لیکن جس طرح اس کی عزت نفس کو اسکول ٹیچر نے نشانہ بنایا ہے میں اسے میڈیا کے سامنے ضرور لاؤں گا“
یہ الفاظ کراچی سے تعلق رکھنے والے شخص کے ہیں جن کی ویڈیو سوشل میڈیا پر پچھلے دنوں کافی وائرل ہوئی تھی۔ ویڈیو میں اسکول کے چھوٹے سے بچے کو دکھایا گیا اور اس کے چہرے پر سیاہ نشاہ بھی دکھایا گیا جبکہ ویڈیو بنانے والے اس کے والد کا کہنا تھا کہ اس واقعے نے بچے کو بہت زیادہ ذہنی اذیت دی ہے جبکہ ویڈیو تیزی سے سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی اور استاد کی اس حرکت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے چیئرمین آل پرائیوٹ اسکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن سندھ طارق شاہ نے نا صرف استاد کے فعل کی مذمت کی بلکہ تمام والدین سے معذرت کی بلکہ اس بات کی بھی تصدیق کی کہ اسکول انتظامیہ کی جانب سے بچے کو ہراساں کرنے والے طالب علم کو نکال دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ یہ واقعہ کراچی میں نارتھ ناظم آباد کے ایک پرائیویٹ اسکول میں پیش آیا تھا۔