پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ پولیٹکل انجینئرنگ کی کوشش کر رہی ہے، انہوں نے تاریخ سے کوئی سبق نہیں سیکھا۔
ہم نیوز کی اینکر پرسن مہر بخاری کو دیئے گئے خصوصی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ہمارے ووٹ توڑنے کی کوشش کی گئی، ایم پی ایز کو گمنام نمبرز سے کہا گیا کہ عمران خان نے دوبارہ نہیں آنا۔
ان کا کہنا تھا کہ جدھر اسٹیبلشمنٹ ہوتی ہے ادھر پنجاب کھڑا ہوتا ہے۔پنجاب کبھی بھی اسٹیبلمشنٹ کیخلاف کھڑا نہیں ہوتا تھا۔ اصل تبدیلی تب آئی جب پنجاب اسٹیبلشمنٹ کیخلاف ہوا۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ پہلی بار پنجاب میں کسی پارٹی کو ووٹ پڑا،جھنگ، بھکر اور میانوالی میں پی ٹی آئی نے دھڑوں کی سیاست ختم کردی،دھڑے ہمیشہ اسٹیبلمشنٹ کیساتھ جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کو اندازہ نہیں تھا کہ وقت بدل گیا ہے،وقت گزرنے کیساتھ گیلری میں بیٹھے لوگوں کی شکلیں بدلنا شروع ہوگئی تھیں۔