پاکستان میں کھانوں میں ٹماٹر اور پیاز لازمی سمجھے جاتے ہیں لیکن کبھی پیاز ڈبل سنچری کرجاتا ہے تو کبھی ٹماٹر عوام کی پہنچ سے باہر چلا جاتا ہے لیکن ان دنوں ملک میں ٹماٹر انتہائی سستے داموں مل رہا ہے جس کو آسان سے طریقے سے محفوظ بناکر مہینوں تک استعمال کیا جاسکتا ہے۔
پاکستان میں چونکہ ٹماٹر پورا سال نہیں اگائے جاتے اس لئے ان کی طلب اور رسد میں اکثر مشکلات پیش آتی ہیں اور طلب بڑھنے کی وجہ سے بیرون ممالک سے ٹماٹر منگوا کر ضرورت پوری کی جاتی ہے، کچھ ہفتے قبل ٹماٹر کی قلت کی وجہ سے قیمتیں 3 سو سے اوپر چلی گئی تھیں۔
اس وقت مارکیٹ میں اچھا ٹماٹر 40 سے 50 روپے فی کلو میں دستیاب ہے اور اگر آپ چاہیں تو ٹماٹر کا پاؤڈر بناکر لمبے عرصے کیلئے محفوظ کرسکتے ہیں۔
آپ کو کرنا یہ ہے کہ ٹماٹر کے ٹکڑے کر کے دھوپ میں رکھیں اس پر ہلکا سا نمک چھڑک دیں،درجہ حرارت 30 سے زیادہ ہو گا تو کم از کم 3 سے 4 دن کا پراسس ہے۔ ٹماٹر کو تب تک خشک کریں جب تک اس میں نمی کی شرح 10 فیصد سے کم رہ جائے۔
ٹماٹر کو براہ راست کھلے آسمان تلے سورج کی دھوپ میں رکھ کر خشک کیا جاتا ہے مگر اس میں رات کو ٹماٹر کے اوپر کوئی پلاسٹک وغیرہ ضرور ڈال دیں تاکہ رات کی شبنم یا نمی ٹماٹر کو متاثر نہ کرے۔
اس طریقہ میں وقت بھی زیادہ لگتا ہے جو 4 دن سے لے کر پندرہ دن بھی ہو سکتا ہے ۔جب ٹماٹر خشک ہو جائے تو اسے ٹکڑوں میں ہی رکھیں یا پیس کر پاؤڈر بنالیں یہ آپ کی مرضی ہے۔ اس پاؤڈر کو آپ شیشے کے جار میں محفوظ کرکے لمبے عرصے تک اپنے کھانوں کو مزیدار بناسکتے ہیں۔