پاکستان میں ہونے والی شادیوں میں کھانا سب سے اہمیت رکھتا ہے، کھانے میں تھوڑا سا بھی نمک کم ہوتو کھانے کا مزہ خراب ہوجاتا ہے لیکن آپ کو آج ایسی کمیونٹی کے بارے میں بتاتے ہیں جہاں شادی پر کھانے کی شروعات نمک سے ہوتی ہے۔
کراچی میں بسنے والی بوہرا برادری کی شادیوں میں مہمانوں کو کھانے سے پہلے نمک پیش کیا جاتا ہے، ان کا کہنا ہے کہ حضرت علی کے فرمان کے مطابق ہم کھانے سے پہلے نمک کھاتے ہیں تاکہ منہ کا ذائقہ ٹھیک ہوجائے۔
جماعت خانے میں ہونیوالی شادی میں نمک کے بعد مہمانوں کو میٹھے چاول دیئے جاتے ہیں، اس کے بعد آئسکریم کی باری آتی ہے، پھر سلاد دیا جاتا ہے اور اسکے بعد ہلکا کھانا پیش کیا جاتا ہے۔
مہمانوں کو بعد میں بریانی اور مخصوص بوہری ڈشز پیش کی جاتی ہیں، کھانے کے بعد یخنی اور پھر فروٹ اور دوبارہ آئسکریم پیش کی جاتی ہے۔
کھانے کے دوران دلچسپ بات تو یہ ہوتی ہے کہ پہلی چیز ختم ہونے کے بعد ہی دوسری چیز ملتی ہے جس سے کھانے کا ضیاع نہیں ہوتا اور شادی میں باقی بچنے والا کھانا فقراء میں تقسیم کردیا جاتا ہے۔