“اسکول میں کوئی ساتھ نہیں بیٹھتا تھا۔ میرا کھانا اٹھا کر پھینک دیتے تھے۔ پانی کا گلاس نہیں تھا“
یہ کہنا ہے 16 برس کے فائق کا جو اس سال نویں جماعت کا امتحان دیں گے۔ فائق، شفیق مسیح کے بیٹے ہیں جن کی کچھ عرصے قبل ایسی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں وہ گٹر کی صفائی کا کام کرتے دکھائی دئے تھے۔ یہ چند سال پہلے کی بات ہے جب ان کا بیٹا چھوٹا تھا افسوس کہ کئی سال گزرنے کے بعد بھی حالات میں بہتری نہیں آئی بلکہ شفیق مسیح کے بیٹے کے بڑے ہوتے ہی مزید بدتر ہوگئے ہیں۔
ہیڈ ماسٹر نے بھی بچے کا مذاق اڑایا
شفیق مسیح کہتے ہیں کہ اسکول میں بچے ان کے بیٹے کو ذلیل کرنے کے لئے بال باتھ روم میں پھینک کر کہتے تھے کہ لے کر آؤ تمھارا باپ بھی یہی کام کرتا ہے اور جب اسکول کے ہیڈ ماسٹر سے شکایت کی تو اس نے بجائے بچوں کو ڈانٹنے کے فائق کو کہا کہ تمھارے والد یہی کام کرتے ہیں۔
اسکول کیوں چھوڑا
شفیق مسیح کا کہنا ہے کہ سب کے حقارت بھرے رویے سے دلبرداشتہ ہو کر ان کے بیٹے نے اسکول چھوڑ دیا اور اب وہ گھر پر ہی امتحان کی تیاری کررہا ہے۔
میرے ابو میرے ہیرو ہیں
فائق کہتے ہیں کہ کوئی کچھ بھی کہے میرے والد صفائی کرتے ہیں مجھے ان پر فخر ہے میرے ابو میرے ہیرو ہیں۔