لاہور: گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ کراچی کو نظر لگ گئی ہے، شہر کو غریب سمجھ کر کوئی منہ نہیں لگا رہا ہے۔
انہوں نے حضرت عثمان علی ہجویریؒ کے مزار المعروف (داتا دربار) پر حاضری اور دعا مانگنے کے بعد ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے پورے پاکستان کیلئے دعا کی ہے، ملک کے معاشی استحکام کی دعا مانگی ہے اور سندھ و کراچی کے لیے بھی خصوصی دعا کی ہے۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ دعا ہے کہ اللہ تعالی لاہور کو بھی بری نظر سے بچائے، نفاق کی بجائے اتفاق کا قومی تقاضہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کو کہا ہے کہ جو معاہدہ ایم کیوایم کے ساتھ ہوا ہے اس پر عملدرآمد کرے، پیپلزپارٹی معاہدے پر عملدرآمد نہیں کرتی تو پھر ایم کیوایم اپنے فیصلے کرنے میں آزاد ہے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی میں تمام دوستوں کو اکٹھا کرنے کی کوشش کی ہے، دوستوں کو ایک ساتھ کرنے میں کافی حد تک کامیابی مل چکی ہے۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ گورنر بننے کے بعد شہباز شریف سے تین بار ملاقات ہوئی ہے، وزیراعظم سے مسلسل رابطے میں ہوں، ان سے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی معاہدے پر عملدرآمد نہیں کر رہی ہے۔
ایاز صادق کا امین الحق سے رابطہ، کراچی میں ملاقات متوقع
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ وزیراعظم میاں شہباز شریف نے یقین دہانی کرائی ہے کہ آصف زرداری سے اس معاملے پر بات کریں گے۔