’خواتین سے نفرت‘ کرنے والا انفلوئنسر، جسے ریپ اور انسانی سمگلنگ کے الزام میں گرفتار کیا گیا

بی بی سی اردو  |  Jan 01, 2023

متنازع برطانوی نژاد امریکی آن لائن انفلوئنسر اینڈریو ٹیٹ کو رومانیہ میں انسانی سمگلنگ اور ریپ کی تحقیقات کے لیے حراست میں لیا گیا ہے۔

وہ خود کو ’عورتوں سے نفرت کرنے والا‘ کہتے ہیں۔ وہ سنہ 2016 میں برطانوی ریئلٹی ٹی وی شو ’بگ برادر‘ سے اس وقت نکال دیے گئے جب ایک ویڈیو میں انھیں ایک عورت پر حملہ کرتے ہوئے دیکھا گیا۔

اس وقت انھوں نے کہا تھا کہ فوٹیج کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی گئی ہے اور ’یہ سراسر جھوٹ، مجھے بُرا دکھانے کی کوشش ہے۔‘

36 سال کے سابق کِک باکسر کے ٹوئٹر پر دنیا بھر سے 35 لاکھ سے زیادہ فالوورز ہیں اور انھیں اس پر فخر ہے۔

ٹیٹ کا پورا نام ایموری اینڈریو ٹیٹ ہے، وہ شکاگو، الینوا میں پیدا ہوئے۔ ان کا نام ان کے والد کے نام پر رکھا گیا۔ ان کے والد امریکی شہری تھے جو برطانیہ میں امریکی فضائیہ کے لیے کام کرتے تھے اور وہ شطرنج کے بھی ماہر تھے۔

ان کی والدہ اور والد امریکہ جانے سے پہلے برطانیہ میں ملے جہاں دونوں نے مل کر ٹیٹ کی پرورش اس وقت تک کی جب تک کہ والدین میں طلاق نہیں ہو گئی۔

طلاق کے بعد ٹیٹ اپنی ماں کے ساتھ انگلینڈ کے علاقے لوٹن رہنے چلے آئے۔

ٹیٹ اور ان کے چھوٹے بھائی ٹرسٹن دونوں کا کہنا ہے کہ انھیں انگلینڈ میں غربت کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

انٹرویوز میں انھوں نے یہ باتیں کہیں ہیں کہ وہ کس طرح کے ایف سی جا کر دوسرے لوگوں کے بچے کچے چکن لاتے تھے اور اسے فریج میں رکھ دیتے تھے تاکہ دوسرے وقت کے کھانے کا انتظام ہو سکے۔

ٹیٹ چار بار کِک باکسنگ کے عالمی چیمپیئن رہ چکے ہیں لیکن انھیں دنیا بھر میں شہرت انٹرنیٹ سے ملی۔

ٹک ٹاک پر اینڈریو ٹیٹ کے ہیش ٹیگ والی ویڈیوز کو 12.7 ارب سے زیادہ بار دیکھا جا چکا ہے۔ اس تعداد میں ان لوگوں کی بنائی ہوئی ویڈیوز بھی شامل ہیں جو ٹیٹ پر تنقید کرتے ہیں۔

ایک اور یوٹیوبر کے ساتھ ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا تھا کہ وہ ’یقیناً عورتوں سے نفرت کرنے والے ہیں۔‘

اس کے ساتھ انھوں نے مزید کہا کہ ’میں ایک حقیقت پسند ہوں اور جب آپ حقیقت پسند ہیں تو آپ جنس کی بنیاد پر تفریق کرنے والے ہوں گے۔ ایسا کوئی طریقہ نہیں کہ آپ حقیقت پسند ہوں اور جنس کی بنیاد پر تفریق کرنے والے نہ ہوں۔‘

اسی ویڈیو میں انھوں نے خواتین کو ’بنیادی طور پر سست‘ قرار دیا تھا اور کہا کہ ’آزاد خاتون جیسی کوئی چیز نہیں ہوتی۔‘

یوٹیوب، فیس بک، انسٹاگرام اور ٹک ٹاک سمیت متعدد سوشل میڈیا پلیٹ فارمز نے ان پر پابندی لگائی تھی۔

ٹوئٹر نے ٹیٹ پر تب پابندی عائد کی جب انھوں نے کہا تھا کہ جنسی استحصال کی ذمہ دار خواتین خود ہوتی ہیں۔

بہرحال ایلون مسک کے ٹوئٹر خریدنے کے بعد، ٹیٹ کا اس سائٹ پر دوبارہ خیرمقدم کیا گیا جس پر سنہ 2017 میں ان پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔

اپنی واپسی کے بعد انھوں نے پھر سے ٹوئٹر پر لاکھوں لائیکس حاصل کرنا شروع کر دیے اور ان کے فالوورز کی تعداد 30 لاکھ سے زیادہ ہو گئی۔

ٹیٹ لاتعداد ویڈیو میں اپنی پرتعیش زندگی کا اظہار کرتے نظر آتے ہیں، کہیں تیز کاروں کے ساتھ تو کہیں نجی جیٹ طیاروں کے ساتھ۔

رواں ہفتے کے شروع میں وہ ٹوئٹر پر ماحولیاتی کارکن گریٹا تھنبرگ کے ساتھ ایک تنازع میں مصروف تھے۔ انھوں نے 33 گاڑیاں رکھنے کا دعویٰ کیا اور کہا کہ وہ انھیں ان کے ’ذریعے بہت زیادہ (کاربن) اخراج‘ کی فہرست بھیجيں گے مگر بعد میں حکام نے انھیں گرفتار کر لیا اور بعض لوگوں نے دعویٰ کیا کہ گریٹا کا مذاق اڑانے کی کوشش میں کی گئی ایک ٹویٹ سے قانون نافذ کرنے والوں نے ان کا پتا لگایا۔

اس پر گریٹا نے طنزیہ ٹویٹ کیا کہ ’اس لیے اپنے پیزا بوکس ری سائیکل کرنے چاہیے۔‘

Reuters

ٹیٹ خود کو اپنی محنت سے ارب پتی بننے والا شخص کہتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ انھوں نے ’اپنے اپارٹمنٹ سے ایک چھوٹے سے ویب کیم بزنس‘ کے ذریعے پیسے کمائے۔

انھوں نے ایک پوڈ کاسٹ انٹرویو میں کہا کہ ’میرے لیے 75 خواتین چار مختلف مقامات پر کام کر رہی تھیں اور میں ویب کیم سے ماہانہ چھ لاکھ ڈالر کما رہا تھا۔‘

اپنی ویب سائٹ پر (اب حذف شدہ پیج میں) انھوں نے کہا کہ وہ خواتین کو پورن کی صنعت میں لاتے تھے۔

انھوں نے اپنے پیج (جسے سنہ 2022 میں ہٹایا گيا) پر لکھا کہ ’میرا کام ایک لڑکی سے ملنا جلنا تھا، چند ڈیٹس پر جاتا، اس کے ساتھ سوتا، یہ جانچتا کہ آیا وہ اچھی ہے یا نہیں۔‘

’میں اسے اپنے پیار میں ایسا بنا دیتا کہ وہ میرے کہنے پر کچھ بھی کرنے کو تیار ہو جاتی اور پھر اسے ویب کیم پر لاتا تاکہ ہم ایک ساتھ امیر بن سکیں۔‘

ٹیٹ اپنے بھائی ٹرسٹن کے ساتھ کام کرتے ہیں۔ ٹرسٹن نے ڈیلی مرر کو بتایا کہ ان کا کاروبار ’فریب‘ تھا جس میں مرد خواتین سے آن لائن بات کرنے کے لیے انھیں ادائیگی کرتے ہیں۔

ٹرسٹن نے ڈیلی مرر کو بتایا کہ ’میں نے مردوں کو کاریں، ٹی وی بیچتے دیکھا۔۔۔ ایک آدمی کا دادا چل بسا اور وہ گھر بیچنے کا انتظار کر رہا تھا۔‘

’جب گھر فروخت ہو گا تو اسے 20,000 پاؤنڈ ملیں گے اور اس نے [ایک ماڈل] سے وعدہ کیا کہ وہ اس کی جعلی مالی پریشانی کے لیے ادائیگی کرے گا۔‘

ٹرسٹن کو جمعرات کی شام رومانیہ کے دارالحکومت بخارسٹ کے نواحی علاقے میں اپنے بھائی کے ساتھ ان کے گھر سے گرفتار کیا گیا۔

ٹیٹ کے ترجمان نے ڈیلی مرر کو بتایا کہ وہ انسانی سمگلنگ اور ریپ کے الزامات کے حوالے سے کوئی تفصیلات فراہم نہیں کر سکتے لیکن انھوں نے کہا کہ ’اینڈریو اور ٹرسٹن ٹیٹ رومانیہ کے حکام کے لیے انتہائی احترام رکھتے ہیں اور وہ ہمیشہ ان کی ہر ممکن مدد کریں گے۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More