پاکستانی شائقین کرکٹ کی یہ دلی خواہش رہتی ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹیسٹ میچ کھیلا جائے۔ سال 2007 کے بعد سے پاکستان اور انڈیا ٹیسٹ میچ میں ایک دوسرے کے مد مقابل نہیں ہوئے۔
لیکن اس مرتبہ دونوں بڑی ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ میچ کھیلنے کے امکانات روشن ہوسکتے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق میلبرن کرکٹ کلب (MCG) کے تمام انتظامات سنبھالتی ہے اور ایم سی سی کے چیف ایگزیکٹو اسٹیورٹ فوکس نے اس حوالے سے انکشاف ریڈیو کمنٹری کے دوران کیا۔
ایم سی سی کی جانب سے اکتوبر میں کھیلے جانے والے پاک بھارت ورلڈ کپ ٹی ٹوئنٹی میچ کے کامیاب انعقاد کے بعد کرکٹ آسٹریلیا سے ایم سی جی کے گراؤنڈ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹیسٹ میچ کھیلنے کے بارے میں بات کی۔
اسٹیورٹ فوکس کا کہنا تھا کہ ہمیں پاکستان اور بھارت کے میچ کی میزبانی کر کے اچھا لگے گا۔ ایم سی جی میں پاک بھارت میچ میں شائقین کی آمد 90293 کے لگ بھگ تھی جو کہ ایک بڑے اعداد و شمار ہے۔ کامیاب میچ کے انعقاد کے بعد اسی بات کو مد نظر رکھتے ہوئے اسٹیورٹ فوکس نے اس بات کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ لگاتار تین ٹیسٹ میچ ایم سی جی میں شاندار ہوں گے۔
اسٹیورٹ فوکس نے امید ظاہر کی کہ کرکٹ آسٹریلیا اس حوالے سے آئی سی سی سے بات کرے گا اور کوششیں جاری رکھے گا۔