پاکستان کی جیت ۔۔ سوشل میڈیا پر طوفان ۔۔ شائقین کے تبصرے ۔۔ کھلاڑیوں کے دلچسپ جواب

ہماری ویب  |  Nov 08, 2022

پاکستان کرکٹ ٹیم تامل فلموں کی طرح ناممکنات کو ممکن میں بدل کر ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں پہنچ چکی ہے اور بابر اعظم نے آسٹریلین طوطے منگوانے والوں کو پیغام دیا ہے کہ آپ طوطے ٹی سی ایس سے منگوالیں کیونکہ ہم سیمی فائنل کھیلنے جارہے ہیں۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ دو ایسی ٹیمیں ہیں جن کے بارے میں کبھی بھی کچھ بھی حتمی طور پر نہیں کہا جاسکتا ہے۔ جہاں پاکستانی ٹیم برا کھیل کر آگے نکل جاتی ہے وہیں پروٹیز بے چارے اچھا کھیل کر بھی ایونٹ سے باہر ہوجاتے ہیں اور اسی لئے جنوبی افریقہ کے کپتان آئی سی سی کو درخواست دینے جارہے ہیں کہ آئندہ ہمیں پاکستان کے گروپ میں نہ رکھا جائے کیونکہ ان کے اگر مگر اور بددعاؤں سے ہم ہار جاتے ہیں۔

پاکستان ٹیم ورلڈکپ کے شروع سے ہی بیٹنگ میں مشکلات سے دوچار رہی ہے لیکن دنیا کے نامور بلے باز اور پاکستان ٹیم کے کپتان نے مہوش حیات کی طرح ضد لگائی ہوئی ہے۔جیسے مہوش حیات کہتی تھیں کہ پنجاب نہیں جاؤنگی ویسے ہی بابر اعظم ضد پر اڑے ہوئے ہیں کہ ون ڈاؤن نہیں جاؤنگا۔

پاکستان کی دو میچوں میں شکست کے بعد باقی کھلاڑیوں کے ساتھ چاچا افتخار کو بھی کافی تنقید کاسامنا کرنا پڑا لیکن اپنی پرفارمنس اور ایونٹ کا سب سے بڑا چھکا مار کر چاچا افتخار نے چاچا، چاچا کہنے والوں کو خبر دار کردیا ہے اور آئندہ چاچا، چاچا کہنے والوں کو افتخار چاچا سخت جواب دینگے۔

بابر اعظم اور روہیت شرما دونوں اس ایونٹ میں رنز بنانے میں ناکام رہے اور دونوں کا کہنا ہے کہ ہم رنز کیوں بنائیں ہم تو کپتان ہیں۔ پاکستان کے حارث نے 2 میچ کھیل کر ہی شائقین کے دل جیت لئے ہیں لیکن انہیں شائد یہ معلوم نہیں تھا کہ یہاں کھلاڑی پہلے اپنی جگہ اور ریکارڈ کیلئے کھیلتے ہیں پھر اگر وقت ملے تو پاکستان کا سوچتے ہیں۔

بابر اعظم اور رضوان اگر جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش کیخلاف جلدی آؤٹ نہ ہوتے تو شائد پاکستان ٹیم اب تک کراچی ایئر پورٹ پہنچ چکی ہوتی لیکن اب اگر سیمی فائنل جیتنا ہے تو بابر اور رضوان کو جلدی آؤٹ کروانا ہوگا اور نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن اگر کوشش بھی کرے تو اس کو آؤٹ نہ کریں کیونکہ وہ بھی بابر اور رضوان سے کم نہیں ہے۔

بھارت کو ایسا لگتا ہے کہ پہلے میچ میں پاکستان کو ہرانے کے بعد فائنل میں بھی پاکستان کو ہراسکتا ہے تو یہ اس کی بھول ہے۔ پہلے میچ میں پاکستان ٹیم نواز الدین صدیقی کی طرح موت کا ناٹک کررہی تھی۔

جیسے نوازالدین صدیقی کہتے ہیں، موت کو چھو کے ٹک سے واپس آسکتا ہوں، مجھے بڑا مزہ آتا ہے، اسی طرح پاکستان ٹیم کو مرنے کا ناٹک کرکے دوسروں کا سانس روک کر مزہ آتا ہے لیکن بعد میں اچانک سے اٹھ کر سرپرائز کرنے والی ٹیم کو ہلکا لینے سے پہلے بھارت کو سوچ لینا چاہیے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More