ہر چیز میں بھارت کی من مانی ۔۔ ایونٹ کیوں کروانا بس سیدھا انڈیا کو ٹرافی ہی دے دیں؟

ہماری ویب  |  Nov 03, 2022

آسٹریلیا میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اپ سیٹس کے ساتھ ساتھ تنازعات کا سلسلہ بھی جاری ہے اور ہمیشہ کی طرح بھارتی کرکٹ ٹیم ایونٹ میں فتوحات کے ساتھ ساتھ تنازعات بڑھانے میں بھی پیش پیش ہے۔

کرکٹ کی دنیا میں سب سے بااثر سمجھی جانے والی انڈین کرکٹ ٹیم اس وقت آئی سی سی پر پوری طرح حاوی ہوچکی ہے، آئی پی ایل میں پیسے کی چمک دمک نے مہذب لوگوں کے کھیل کو بری طرح داغدار کردیا ہے۔

حالیہ کرکٹ ورلڈکپ میں بھارتی ٹیم کو فتوحات میں کھلاڑیوں سے زیادہ امپائرز کی مدد حاصل ہے۔ جیسے عمران خان اپنے جلسوں میں امپائر سے اپیلیں کرتے ہیں لیکن ان کی تو کم ہی سنی جاتی ہے لیکن بھارتی ٹیم کی اپیل پر ایسا لگتا ہے کہ امپائر شائد اسی انتظار میں ہوتے ہیں کہ بھارتی کھلاڑی فرمائش کریں تو وہ فوری فیصلہ سنادیں۔

اس بات سے کون واقف نہیں کہ آئی پی ایل میں ہر چیز فکس ہوتی ہے اور میدان میں صرف لڑنے کا ڈھونگ رچایا جاتا ہے لیکن میچ میں ہار جیت کے فیصلے پہلے سے طے ہوتے ہیں اور اسی لئے آئی پی ایل کو فکسنگ اور کرپشن کا گڑھ کہا جاتا ہے۔

آئی پی ایل میں کالے دھن کی کثرت کی وجہ سے بھارت پوری دنیا کے کھلاڑیوں اور آفیشلز پر اپنا اثر و رسوخ بھی رکھتا ہے۔ بھارت نے اپنے مذموم مقاصد کے حصول کیلئے ماضی میں بگ تھری کا شوشہ بھی چھوڑا تھا جس کے تحت بھارت نے آسٹریلیا اور انگلینڈ کے ساتھ ملکر بگ تھری بناکر کرکٹ میں اجارہ داری قائم کرنے کی کوشش کی۔

بھارت کرکٹ کے کھیل میں پیسے کے استعمال کی وجہ سے آئی سی سی اور ایشین کرکٹ کونسل میں ہمیشہ اپنی من مانی کرتا ہے، پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے ایونٹس میں بھارت اپنی ہٹ دھرمی کی وجہ سے نہیں آتا اور حیرت کی بات تو یہ ہے کہ آئی سی سی یا اے سی سی بھارت کیخلاف کوئی بھی کارروائی کرنے سے قاصر ہیں۔

ورلڈکپ میں انڈیا نے پاکستان اور بنگلہ دیش کو آخری موقع پر ہرایا لیکن دونوں میچز میں بھارت کی جیت میں اہم کردار امپائرز کا رہا۔ بنگلہ دیش کیخلاف میچ میں بھارت بارش کی وجہ سے ہار چکا تھا لیکن بھارت نواز امپائرز نے گیلی آؤٹ فیلڈ کے باوجود بھارت کی شکست کو جیت میں بدلنے کیلئے میچ شروع کروایا اور میچ کے دوران ویرات کوہلی کی غیر قانونی حرکت کو نظر انداز کردیا۔

اگر امپائر کوہلی کی حرکت پر پنالٹی 5 رنز دے دیتے تو شائد میچ کا نتیجہ بنگلہ دیش کے حق میں ہوسکتا تھا لیکن امپائرز نے اپنے چہیتے بھارت کو جتوانے کیلئے پوری طرح انڈین ٹیم کا ساتھ دیا اور بنگلہ دیش کو اضافی رنز نہیں دیئے۔

اس سے پہلے پاکستان کیخلاف میچ کے آخری اوور میں ویرات کوہلی کے کہنے پر امپائر نے ایک غلط نوبال دی جس پر چھکا لگا اور اگلی گیند پر کوہلی بولڈ ہوگئے لیکن فری ہٹ کی وجہ سے اس گیند پر بھی رنز مل گئے جس کی وجہ سے پاکستان شکست سے دوچار ہوا۔

اگر امپائرز بھارت کی وجہ سے غلط فیصلہ نہ دیتے تو آج پاکستان سیمی فائنل کیلئے سب سے آگے اور بھارت کہیں پیچھے ہوتا لیکن انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے بجائے انڈین کرکٹ کونسل کا کردار ادا کرنے والے آئی سی سی نے شائد بھارت کو جتوانے کیلئے ہر غیر قانونی حربہ استعمال کرنے کا فیصلہ کر رکھا ہے تو اتنا بڑا ایونٹ کروانے کی ضرورت کیا ہے ویسے ہی ٹرافی بھارت کے حوالے کردی جائے جیسے آئی پی ایل میں سب کچھ فکس کرکے کیا جاتا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More