ٹی 20 ورلڈ کپ ۔۔ پاکستان اب بھی کیسے سیمی فائنل میں پہنچ سکتا ہے؟

ہماری ویب  |  Nov 01, 2022

آسٹریلیا میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت اور زمبابوے کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستان کا سفر تقریباً تمام ہوچکا ہے تاہم مبصرین اور مداح ابھی بھی قومی ٹیم کے سیمی فائنل میں پہنچنے کی امید لگائے بیٹھے ہیں ۔

پاکستان کی دو شکستوں اور بھارت کی جنوبی افریقہ کے خلاف ہار نے قومی ٹیم کا سیمی فائنل تک کا سفر مشکل ترین بنا چکا ہے تاہم اگر مگر کی صورتحال اب بھی برقرار ہے اورپاکستان ابھی بھی سیمی فائنل میں پہنچ سکتا ہے۔

پاکستان نے بھارت اور زمبابوے سے شکست کے بعد نیدر لینڈ کو ہرا کر نہ صرف ٹورنامنٹ میں اپنی پہلی فتح حاصل کی بلکہ سیمی فائنل مرحلے میں جانے کی امیدوں کو بھی روشن رکھا لیکن پاکستان کواگر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنی ہے تو سب سے پہلے اسے اپنے اگلے دونوں میچز بھاری مارجن سے جیتنا ہوں گے لیکن یہی کافی نہیں ہوگا بلکہ گروپ ٹو کی دیگر ٹیموں کے میچز کے نتائج اپنے حق میں کرنے کے لیے دعائیں بھی کرنا ہوں گی۔

اس وقت پوائنٹ ٹیبل پر گروپ ٹو میں جنوبی افریقہ تین میں سے دو میچز جیت کر 5 پوائنٹ کے ساتھ پہلے، بھارت تین میں سے دو میچز جیت کر چار پوائنٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے، بنگلہ دیش نے بھی تین میں سے دو میچز جیت رکھے ہیں تاہم رن ریٹ کے باعث وہ پوائنٹ ٹیبل پر تیسرے نمبر پر ہے، زمبابوے چوتھے، پاکستان پانچویں اور نیدر لینڈ چھٹے نمبر پر موجود ہے اور تمام ٹیموں کے ابھی دو دو میچز باقی ہیں۔

پاکستانی اسکواڈ جو سپر 12 مرحلے کے اپنے بقیہ دو میچز کھیلنے کے لیے پرتھ سے سڈنی روانہ ہوگیا ہے جہاں وہ جمعرات کو سخت حریف جنوبی افریقہ کے مدمقابل ہوگا جب کہ آخری میچ بنگلہ دیش سے ہوگا۔

پاکستان کے ان دو میچز کے علاوہ گروپ ٹو میں جنوبی افریقہ اور نیدر لینڈ کا میچ بھی پاکستان کے لیے اہمیت اختیار کر گیا ہے کہ اس میچ میں پروٹیز کی فتح قومی ٹیم کے لیے سودمند ثابت ہوگی۔

بھارت بنگلہ دیش کو شکست دے دیتا ہے لیکن زمبابوے سے ہار جاتا ہے تو پھر پاکستان اور بھارت چھ چھ پوائنٹ کے ساتھ برابر ہوں گے اور یہاں بھی رن ریٹ ان میں سے ایک ٹیم کی فائنل فور میں رسائی کا فیصلہ کرے گا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More