سابق بھارتی اوپنر بلے باز وریندر سہواگ جو اکثر پاکستانی ٹیم پر تنقید کے تیر چلاتے ہیں انہوں نے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم سے متعلق بڑی پیشگوئی کردی ہے جس پر شائقین کرکٹ بھی حیران ہیں۔
سابق ہندوستانی بلے باز وریندر سہواگ نے پیش گوئی کی ہے کہ پاکستان کے کپتان بابر اعظم جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022 کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہوں گے۔
یہ پیش گوئی انہوں نے اتوار کو کھیلے جانے والے پاکستان اور بھارت کے میچ سے پہلے کی ہے۔سہواگ نے کرکٹ ویب سائٹ کو انٹرویو میں کہا کہ پاکستان کی طرف سے بابر غیر معمولی رہا ہے۔ دیکھنے میں انہیں بہت مزہ آتا ہے۔ جب بھی ویرات کوہلی بلے بازی کرتے ہیں تو سکون کا احساس ہوتا ہے اور بابر کو دیکھتے وقت آپ کو کچھ ایسا ہی محسوس ہوتا ہے۔
خیال رہے روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان سپر 12 مرحلے کا پہلا میچ میلبرن کرکٹ گراونڈ میں کھیلا جائے گا۔ پاک بھارت میچ میں بارش رکاوٹ پیدا کرسکتی ہے۔