شاہین نے گرباز کا پاؤں توڑ دیا۔۔ کیا روہیت شرما اگلا شکار؟

ہماری ویب  |  Oct 20, 2022

پاکستان کرکٹ ٹیم ٹی ٹوئنٹی چمپئن شپ کا معرکہ سر کرنے کیلئے اس وقت آسٹریلیا میں موجود ہے جہاں مشن ورلڈ کپ کا آغاز اتوار کو روایتی حریف بھارت کیخلاف میچ سے ہوگا۔ پاکستان ٹیم کو ایونٹ کی مضبوط ٹیموں میں شمار کیا جارہا ہے اور شاہینوں کے شاہین شاہ آفریدی کی اسکواڈ میں واپسی نے ٹیم پاکستان کو اور بھی مضبوط بنادیا ہے۔

میدان میں واپسی کے ساتھ ہی شاہین آفریدی نے پریکٹس میچ میں افغانستان کے بیٹر رحمان اللہ گرباز کو پویلین کے بجائے سیدھا اسپتال پہنچاکر مخالفین پر لرزہ طاری کردیا ہے۔ افغان بلے باز رحمان اللہ گرباز شاہین کی یارکر کو سمجھ نہ سکے اور گیند پاؤں پر لگنے کی وجہ سے ساتھی کھلاڑی کے کندھے پر پویلین جانا پڑا جہاں سے وہ اسپتال پہنچ گئے۔

شاہین آفریدی دور حاضر کے سب سے خطرناک باؤلرز میں سے ایک ہیں، ٹیسٹ میں 99، ون ڈے میں 60 اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں 47 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھانے والے شاہین آفریدی میچ کی ابتداء سے ہی مخالف بے بازوں پر اپنی دھاک بٹھانے کیلئے مشہور ہیں۔

بھارت کیخلاف گزشتہ سال ہونے والے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں شاہین آفریدی نے روہیت شرما اور اور کے ایل راہول کو اپنی تیز رفتار گیندوں سے پویلین بھجوا کر پاکستان کی فتح کی راہ ہموار کی تھی۔

شاہین آفریدی کا سب سے خطرناک ہتھیار یارکر ہے، وسیم اکرم، وقار یونس اور عمر گل کے بعد شاہین آفریدی مخالف بلے بازوں کو یارکرز سے تگنی کا ناچ نچا دیتے ہیں۔

2021 میں بنگلہ دیش کیخلاف سیریز کے دوران ایک تھرو سے بنگالی بیٹر عفیف حسین کی ٹانگ زخمی کرنے والے شاہین نے آسٹریلیا میں ورلڈ کپ کے وارم اپ میچ میں افغانستان کے رحمان اللہ گرباز کو تیز رفتار یارکر سے زخمی کرکے اپنے خطرناک ارادوں سے مخالف ٹیموں کو چوکنا کردیا ہے۔

شائقین کرکٹ کو اتوار کو پاکستان اور بھارت کے ٹاکرے کا بے صبری سے انتظار ہے جہاں شاہین آفریدی اور روہیت شرما ایک بار پھر آمنے سامنے ہونگے اور اگر شاہین کا یارکر شرما کے پاؤں کو لگ گیا تو گرباز کی طرح شائد انہیں بھی کندھوں پر اٹھاکر ہی پویلین لے جانا پڑے گا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More