آسٹریلیا کےسرد موسم میں شائقین کرکٹ کا لہو گرمانے کیلئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا میلہ 23 اکتوبر سے سجنے کو ہے اور شائقین کرکٹ رضوان کے چھکے، بابر کے چوکے اور کوہلی کی دل کش بے بازی دیکھنے کیلئے بڑی بے صبری سے انتظار کررہے ہیں۔
آیئے آپ کو بتاتے ہیں کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں دنیا کے ٹاپ ٹین بلے باز کونسے ہیں اور اب تک کون کون سے ریکارڈز قائم کرچکے ہیں۔
10۔کوئنٹن ڈی کاک
جنوبی افریقہ کے اسٹائلش بلے باز کوئنٹن ڈی کاک اپنے شاندار بیٹنگ کی وجہ سے 611 پوائنٹس کے ساتھ نمبر 10 پر موجود ہیں ۔ اگر صرف ٹی ٹوئنٹی کی بات کی جائے تو کوئنٹن ڈی کاک 71 انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی میچز کی 71 اننگز میں اب تک 32کی ایوریج سے 2032 رنز بناچکے ہیں ۔ ان کا سب سے زیادہ اسکور 79 ناٹ آؤٹ ہے جبکہ 13 مرتبہ نصف سنچری بنانے والے ڈی کاک 206 چوکے اور 73 چھکے بھی لگا چکے ہیں۔
9۔ محمد وسیم
محمد وسیم ٹی ٹوئنٹی کی ٹاپ رینکنگ میں ایک دلچسپ اضافہ ہے۔ متحدہ عرب امارات کے محمد وسیم نے اپنی شاندار بیٹنگ کی وجہ سے دنیا کے نامور بلے بازوں کی اس فہرست میں جگہ بنائی اور 17 میچز میں 2 سنچریوں اور 4 نصف سنچریوں کی مدد اور 40 کی ایوریج سے 650 رنز بناچکے ہیں جبکہ اپنے مختصر سے کیریئر میں 49 چوکے اور 44 چھکے بھی لگا چکے ہیں۔
8۔ پاتھم نسانکا سلوا
ایک سال پہلے 2021 میں سری لنکا کی قومی ٹیم کا حصہ بننے والے پاتھم نسانکا سلوا بہت تیزی سے کرکٹ کے افق پر ابھر کر آئے اور 28 میچز کی 27 اننگز میں 7 بار 50 کا ہندسہ عبور کیا۔ 29کی ایوریج سے 765 رنز بنانے کیلئے 71 چوکے اور 15 بلند و بالا چھکے بھی لگاچکے ہیں۔
7۔ایرون فنچ
آسٹریلیا کے نامور بلے باز ایرون فنچ بھی ٹی ٹوئنٹی کے ٹاپ بیٹرز میں شامل ہیں۔آسٹریلوی کپتان 95 میچز کی 95 اننگز میں 143 کے اسٹرائیک ریٹ اور 34 کی اوسط سے 2937 رنز بناچکے ہیں ۔ 2 بار سنچری کے علاوہ 18 نصف سنچریاں بناچکے ہیں، ان کا سب سے زیادہ اسکور 172 ہے۔ فنچ اپنے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کیریئر میں 117 چھکے اور 294 چوکے بھی لگاچکے ہیں۔
6۔ ڈیوڈ ملن
انگلش ٹیم کے اسٹار بلے باز ڈیوڈ ملن وکٹ پر آتے ہیں مار دھاڑ شروع کردیتے ہیں اور ان کی یہی خوبی انہیں ٹی ٹوئنٹی کاچھٹا بہترین بیٹر بناتی ہے۔ ڈیوڈ ملن 47 میچز کی 46 اننگز کھیل کر 40 کی اوسط سے 1560 رنز بناچکے ہیں اور ایک سنچری، 13 نصف سنچریاں، 162 چوکے اور 54 چھکے بھی ڈیوڈ ملن کی خوبصورت بلے بازی کا ثبوت ہے۔
5۔ ڈیون کونوے
کیوی بیٹرڈیون کونوےاپنے مختصر لیکن شاندار ٹی ٹوئنٹی کیریئر کی وجہ سے پانچویں ٹاپ کے بیٹر ہیں اور 25 میچز کی 23 اننگز میں 57 کی ایوریج سے 912 رنز بناچکے ہیں ۔ بدقسمتی سے ناٹ آؤٹ 99 رنز بنانے والے ڈیون کونوےاب تک سنچری کا خواب پورا نہیں کرپائے تاہم 86 چوکوں اور 27 چھکوں کی مدد سے 6 بار ففٹی بناچکے ہیں۔
4۔ ایڈن مارکرم
جنوبی افریقہ کے ایڈن مارکرم بھی جلاد بیٹر مانے جاتے ہیں جو وکٹ پر آتے ہی گیند کے ساتھ باؤلرز کی بھی دھجیاں اڑادیتے ہیں۔ مارکرم اپنے 26 میچز کی 23 اننگز میں 41 کی ایوریج کے ساتھ 780 رنز بناچکے ہیں۔ ان کا سب سے زیادہ اسکور 70 جبکہ 60 چوکوں اور 38 چھکوں کے علاوہ 8 نصف سنچریاں بھی بناچکے ہیں۔
3۔ بابر اعظم
دھیمے میزاج کے بابر اعظم ٹیسٹ اور ون ڈے کی طرح ٹی ٹوئنٹی میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواچکے ہیں اور عالمی نمبر پر بھی قابض رہنے والے بابر اعظم اس وقت تیسری پوزیشن پر موجود ہیں۔ 85 میچز کی 84 اننگز میں بابر اعظم 43 کی ایوریج اور 122 کے اسٹرائیک ریٹ سے 3102 رنز بناچکے ہیں۔ 2 شاندار سنچریاں اور 57 نصف سنچریاں ان کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہیں جبکہ 325 چوکے اور 48 چھکے انہیں ٹی ٹوئنٹی کا خطرناک بلے باز بناتے ہیں۔
2۔ سوریا کمار یادو
ٹی ٹوئنٹی کے ٹاپ 10 بلے بازوں میں بھارت کے صرف ایک بلے باز سوریا کمار یادو ہی موجود ہیں ۔ ویرات کوہلی اور روہیت شرما ٹاپ ٹیم میں شامل نہیں تاہم سوریا کمار یادوصرف 32 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیل کر دوسرے نمبر پر آچکے ہیں اور ان کے اس مختصر کیریئر میں 30 اننگز میں 177کے اسٹرائیک ریٹس سے 41 کی ایوریج کے ساتھ 1045 رنز شامل ہیں اور ایک بار سنچری بنانے والے سوریا کاسب سے بڑا اسکور 117 ہے اور نصف نصف سنچریاں بنانے والے سوریا 93 چوکے اور 63 چھکے لگاچکے ہیں۔
1۔ محمد رضوان
ٹی ٹوئنٹی کے ٹاپ بلے باز ہیں پاکستان کے محمد رضوان جن کے بار میں ابتداء میں یہ مشہور تھا کہ یہ چھکا نہیں لگاسکتے اور وہی محمد رضوان 65 چھکے اور 204 چوکے لگاچکے ہیں ۔ ایک بار سنچری بنانے والے رضوان کا سب سے زیادہ اسکو 104 ہے جبکہ 21 بار نصف سنچری کا کارنامہ انجام دینے کے ساتھ اب تک 66 میچز کی 59 اننگز میں 129 کے اسٹرائیک ریٹ سے 52 کی ایوریج سے 2326 رنز اپنے کھاتے میں درج کرواچکے ہیں۔