کینیڈین یونیورسٹی میں کرپشن کے حوالے سے لیکچر کے دوران سابق وزیراعظم نوازشریف کی تصویر کا مبینہ استعمال پاکستان میں موضوع بحث بن گیا، ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
ایک طالب علم نے مبینہ طور پر کینیڈا کی یونیورسٹی میں بائیو میڈیکل کمیونی کیشن کورس کی کلاس کے دوران نواز شریف پر لیکچر دینے والے لیکچرار کی ویڈیو شیئر کی۔
اس مبینہ ویڈیو میں ایسا محسوس ہوتا ہے کہ کرپشن پر لیکچر کیلئے سابق وزیراعظم نوازشریف کی تصویر کا استعمال کیا جارہا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ پاکستان کے لیے شرمندگی کا باعث ہے۔
ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین کی جانب سے ایک بار پھر مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
معروف تجزیہ کاراوریا مقبول جان نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا کہ کس قدر شرمناک بات ہے کہ کینیڈا کی ٹورنٹو یونیورسٹی میں کرپشن پر لیکچر دیتے ہوئے پاکستان کے وزیر اعظم کے بڑے بھائی نواز شریف کو ایک مثال کے طور پر پیش کیا گیا، حکومت پاکستان کچھ تو کرو۔
دوسری جانب سوشل میڈیا صارفین کا کہنا تھا کہ لیکچرار نے اس بات کا اظہار بھی ضرور کیا ہوگا کہ کرپشن کے باوجود ان کا تربیت یافتہ خاندان عدلیہ کی نااہلی پر پھر سے مسند اقتدار پر فائز ہے۔
ایک صارف نے لکھا کہ کیا تمہارے اللہ پر ایمان لانے کے لئے نواز شریف کی مثال کافی نہیں، تم لوگوں نے اپنی طرف سے جس شخص کو بالکل مار کر پھینک دیا تھا اللہ پاک نے دوبارہ اپنی قدرت سے اس زندہ کردیا۔
ایک خاتون نے لکھا کہ اب یہ بھی عمراں خان پر ڈال دو کہ اس میں بھی عمران کا ہاتھ ہے یونیورسٹی میں پڑھانے والے نے بڑے میاں جی کے کرتوں کیوں بتائے۔