لڑکیوں کے ساتھ تصاویر لینا اسلام میں جائز نہیں ۔۔ ہر وقت تلاوت کرنے والے مشہور کھلاڑی محمد رضوان کی زندگی سے جڑے کچھ دلچسپ راز

ہماری ویب  |  Sep 10, 2022

دھیما مزاج، چہرے پر مسکان، شرمیلا انداز اور میدان میں مار دھاڑ یہ سب پاکستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان بلے باز محمد رضوان کا خاصہ ہے، سابق کپتان سرفراز احمد کی جگہ قومی کرکٹ ٹیم میں جگہ بنانے والے محمد رضوان آج ٹی ٹوئنٹی کے نمبر ون بیٹر بن چکے ہیں۔ آپ کو محمد رضوان کی کامیابیوں اور ان کی ذات کے چند چھپے رازوں کے بارے میں بتاتے ہیں۔

یکم جون 1992کو پیدا ہونے والے محمد رضوان 2015ء سے بین الاقوامی کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کررہے ہیں لیکن ابتداء میں انہیں قومی ٹیم میں مستقل جگہ بنانے کیلئے سخت جدوجہد کرنا پڑی کیونکہ اس وقت سرفراز احمد کی صورت میں پاکستان کے پاس ایک سینئر کیپر موجود تھا لیکن محمد رضوان نے کڑی محنت اور لگن سے اپنی جگہ بنائی اور اس وقت پاکستان کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان محمد رضوان تینوں فارمیٹس میں قومی ٹیم کا لازمی حصہ ہیں۔

رضوان کا تعلق درہ آدم خیل سے ہے لیکن ان کے آباؤ اجداد تعلیم و کاروبار کی غرض سے پشاور منتقل ہوگئے تھے، محمد رضوان کو بچپن سے کرکٹ کا شوق تھا اور گھر والوں سے چوری کرکٹ کھیلتے تھے کیونکہ والد ان کے کرکٹ کھیلنے کے سخت خلاف تھے اور ایک بار تو ایسا بھی ہوا کہ ان کے والد نے انکی کرکٹ کٹ ہی جلا دی تھی۔

محمد رضوان کے والد کی خواہش تھی کہ ان کا بیٹا تعلیم پر توجہ دے لیکن محمد رضوان پر صرف کرکٹ کا بھوت سوار تھا اور اپنے شوق کی تکمیل کیلئے انہوں نے سخت محنت سے 16 سال کی عمر میں اسلامیہ کالج میں اسپورٹس کوٹے پر داخلہ لیا اور یہاں سے ان کی کامیابیوں کے سفر کا آغاز کیا۔

محمد رضوان قومی ٹیم کے نائب کپتان کے علاوہ پاکستان سپر لیگ کی ٹیم ملتان سلطانز کے کپتان بھی ہیں اور ٹی ٹوئنٹی میں عالمی نمبر ایک پوزیشن پر قبضے سے پہلے پی سی بی کا موسٹ ویلیو ایبل کرکٹر آف 2021، پی سی بی ٹی ٹوئنٹی کرکٹر آف دا ایئر 2021، آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی کرکٹر آف دا ایئر 2021 کے علاوہ کئی قومی و بین الاقوامی اعزازت حاصل کرچکے ہیں۔

محمد رضوان کو ابتداء میں بے شمار مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، قومی ٹیم میں شمولیت کے کافی عرصہ تک ان کے سر پر ناقص پرفارمنس کی تلوار لٹکتی رہی، ٹی ٹوئنٹی، ایک روزہ اور ٹیسٹ میں ناقص کھیل نے ان کے کیریئر کو اختتام کے قریب پہنچا دیا تھا لیکن پھر دنیا نے دیکھا کہ محمد رضوان نے کرکٹ کے میدانوں میں شاندار پرفارمنس سے ناقدین کے منہ کیسے بند کئے۔

متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف میچ میں محمد رضوان کو گرم موسم کی وجہ سے کریمپس پڑ گئے، محمد رضوان نے آرام کیا اور پھر ہانگ کانگ کے خلاف میچ سے قبل مکمل فٹ ہوئے اور شارجہ کے گرم موسم میں بھی شاندار بیٹنگ کی اور مین آف دی میچ قرار پائے۔

یہ پہلا موقع نہیں ہے جب محمد رضوان نے خود کو ایک فائٹر ثابت کیا، گزشتہ برس ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں آسٹریلیا کے خلاف سیمی فائنل سے قبل محمد رضوان کو سانس کی تکلیف کے باعث اسپتال لے جایا گیا تاہم انہوں نے قومی ٹیم کی خاطر سب احتیاطیں اور مجبوریوں کو بالائے طاق رکھ کر میدان میں قومی ٹیم کا ساتھ نبھایا اور خود کو ایک بہترین کھلاڑی ثابت کیا۔

کھیل کے میدان میں ہمیشہ شرارتیں کرنے اور ہنسنے والا محمد رضوان بنیادی طور پر ایک شرمیلا انسان ہے، حال ہی میں ایشیا کپ کے دوران خواتین کے ساتھ تصاویر بنوانے کے معاملے پر محمد رضوان ایک بار پھر اپنے مذہبی پس منظر کی وجہ سے خبروں کی زینت ہیں۔ محمد رضوان کے حوالے سے یہ بھی ایک امر یقیناً قابل تعریف ہے کہ کھیل سے فرصت کے اوقات میں محمد رضوان مذہب سے بھرپور لگاؤ کی وجہ سے قرآن پاک کی تلاوت میں مشغول رہتے ہیں اور لڑکیوں کے ساتھ تصاویر لینے سے گریز کرتے ہیں کیونکہ ان کا کہنا ہے کہ لڑکیوں کے ساتھ تصاویر لینا اسلام میں جائز نہیں۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی محمد رضوان کا کہنا ہے کہ مجھے خوشی اس بات کی ہے کہ لوگ کہتے تھے میں چھکا بھی نہیں مار سکتا لیکن اللہ تعالیٰ نے مجھے نمبر ون بنا دیا، مجھے کئی بار کہا گیا کہ شائد یہ تمہارا آخری میچ ہو، مجھے پی ایس ایل میں بھی موقع نہیں ملتا تھا لیکن میری محنت اور دعائیں رنگ لے آئیں اور اللہ نے مجھے نمبر ون بنادیا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More