شارجہ میں ایشیا کپ کے اہم میچ میں افغانستان کیخلاف آخری اوور میں 2 چھکے لگا کر پاکستان کو فتح دلوانے والے فاسٹ باؤلر نسیم عباس شاہ راتوں رات سپر اسٹار بن گئے ہیں اور اس وقت دنیائے کرکٹ میں صرف اور صرف نسیم شاہ کے چرچے ہورہے ہیں اور ایسے میں ان کے مداح اپنے پسندیدہ کھلاڑی کی ذاتی زندگی اور شادی کے حوالے سے جاننے کے بھی خواہشمند ہیں۔
پاکستان کے اس اسپیڈ اسٹار نسیم شاہ کا تعلق خیبرپختونخوا کے علاقے لوئر دیر کے ایک پسماندہ گاؤں سے ہے، نسیم شاہ نے 13 سال کی عمر میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے تحت ہونیوالے ٹورنامنٹ میں شرکت کی اور ان کی شاندار باؤلنگ کو دیکھتے ہوئے انہیں قومی کرکٹ ٹیم میں شامل کیا گیا جس کے بعد انہوں نے کبھی پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔
سال 2019 میں آسٹریلیا کے خلاف برسبین میں کھیلے جانیوالے ٹیسٹ میچ میں 16 سال کی عمر میں ڈیبیو کرتے ہوئے نسیم شاہ نے ایک نئی تاریخ رقم کی۔
دورہ آسٹریلیا میں اپنا پہلا بین الاقوامی ٹیسٹ میچ کھیلنے کے منتظر نسیم شاہ کی والدہ کا انتقال ہوگیا تاہم انہوں نے پاکستان واپس نہ آنے کا فیصلہ کیا اور16 سال 279 دن کی عمر میں آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ میچ کیلئے میدان میں اترے۔
نسیم شاہ نے سری لنکا کیخلاف کراچی میں ایک اننگ میں پانچ وکٹیں لیکردنیا دوسرے کمسن ترین پانچ وکٹیں لینے والے گیند باز کا اعزاز حاصل کیا۔
راولپنڈی میں بنگلادیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے تیسرے روز ہیٹ ٹرک کر کے ایک نئی تاریخ رقم کردی اوردنیا کے سب سے کمسن ہیٹ ٹرک کرنیوالے باؤلر کا اعزاز بھی حاصل کیا۔
ایشیا کپ میں پاکستان کو شاندار فتح سے ہمکنار کروانے کے بعد نسیم شاہ کی مقبولیت میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے اور ان کیلئے مبارکباد کے ساتھ ساتھ شادی کے پیغامات بھی آنا شروع ہوگئے ہیں۔ نسیم شاہ کے والد حاجی مظفر شاہ کا کہنا ہے کہ میں بھی کئی بار شادی کا کہہ چکا ہوں لیکن نسیم کا کہنا ہے کہ ابھی وقت نہیں ہے۔
ایشیا کپ کے دوران بھارتی اداکاہ اروشی روٹیلا اور سربھی جیوتی کی جانب سے نسیم شاہ کے حوالے سے غیر معمولی دلچسپی کو دیکھتے ہوئے شائقین کرکٹ ثانیہ مرزا کے بعد ایک اور بھارتی بھابھی آنے کے حوالے سے سوالات بھی اٹھارہے ہیں۔ ان سوالوں کا جواب تو وقت کے ساتھ ہی سامنے آئیگا کیونکہ اس وقت نسیم شاہ کی پوری توجہ پاکستان کو ایشین چمپئن بنوانے پر مرکوز ہے۔