سردیوں میں اکثر ہاتھوں، پیروں یا پھر انگلیوں پر سوجن آجاتی ہے، جسے عام طور پر چلبلینس (Chilblains) کہا جاتا ہے۔ ڈاکٹر اس کی بڑی وجہ کپڑوں کا تنگ ہونا، تمباکو نوشی، خون کی گردش میں روکاوٹ، یا پھر ٹھنڈ لگنا بتاتے ہیں۔ تو آج ہم آپ کو بتائیں گے کہ کیسے پیروں پر آئی سوجن کو گھریلو نسخوں کے ذریعے آپ کچھ ہی گھنٹوں یا منٹوں میں کم کرسکتے ہیں۔
پیروں سے سوجن دور کرنے کے لئے آزمودہ گھریلو نسخے
ایپسم نمک
آدھا کپ ایپسم نمک (Epsom Salt) لیں، اسے ایک ٹب نیم گرم پانی میں شامل کریں اور آدھے گھنٹے کیلئے اس میں پاؤں ڈبو کر بیٹھ جائیں، روزانہ ایک ہفتے تک اس عمل کو جاری رکھیں سالوں پرانی پاؤں کی سوجن بھی دور ہو جائے گی۔
سیب کا سرکہ
سیب کا سرکہ اینٹی سوزش خصوصیات کا حامل ہوتا ہے، ایک ٹب میں نیم گرم پانی لیں اب اس میں 6 سے 8 چمچ سیب کا سرکہ شامل کریں اور دونوں پاؤں ڈبو کر بیٹھ جائیں، ہفتے میں کم سے کم 2 مرتبہ اس عمل کو ضرور دہرائیں۔
پھٹکری کا پانی
ایک ٹب نیم گرم پانی میں پھٹکری اور تھوڑا نمک ملالیں، پھٹکری سوجن کم کرنے اور خون کی سرکولیشن بڑھانے میں مدد کرتی ہے، جس سے آپ کو پیروں اور ایڑھیوں میں راحت محسوس ہوگی، ایک ٹب میں گرم پانی لے کر اس میں آدھ کپ پسی ہوئی پھٹکری ملالیں اور اپنے پیر اس پانی میں 20 منٹ تک رکھیں، پھر پانی سے نکال کر خشک کر لیں۔
نمک کی زیادتی سے پرہیز
نمک کی زیادتی کی وجہ سے جسم میں دوران خون کی روانی متاثر ہوتی ہے اور اس سے پیروں اور ایڑھیوں میں سوجن ہونے لگتی ہے۔ پیکجنگ والی غذائیں، کین میں پیک کھانے، پروسیسڈ فوڈ، ساسز، مشروبات اور فاسٹ فوڈ جتنا کم کھائیں گی، اتنی ہی سوجن کم ہوگی گھر کے کھانے میں بھی نمک کا کم سے کم استعمال کریں۔