شاید آپ نے کبھی غور کیا ہو کہ آپ کا موبائل پہلے کے مقابلے میں دن بہ دن سست ہوتا جارہا ہے۔ کوئی تصویر کھینچنی ہو تو کیمرہ کھولنے میں کافی انتظار کرنا پڑتا ہے اسی طرح کئی کاموں میں موبائل کی سستی کی وجہ سے دیر ہوجاتی ہے۔ اس آرٹیکل میں “ہماری ویب“ کے پڑھنے والوں کو کچھ ایسے طریقے بتائے جائیں گے جس سے آپ کا موبائل دوباری تیزی سے ایپس کھولنے لگے گا۔
ہفتے میں تین بار موبائل کو بند کرکے کھولیں
موبائل کو استعمال کرنے سے ہمارے موبائل میں موجود ریم (رینڈم اایکسیس میموری) پوری طرح بھر جاتی ہے جس کی وجہ سے فون کی کارکردگی سست ہوجاتی ہے۔ اگر فون کو بند کرکے کھولا جائے تو جگہ گھیرنے والی فالتو میموری ریم سے خالی ہوجاتی ہے۔ فون کی رفتار کو برقرار رکھنے کے لئے ہفتے میں تین بار مکمل طور پر بند کرکے کھولنا موبائل پر اچھا اثر ڈال سکتا ہے۔
صرف وائی فائی میں اپڈیٹ کریں
عام طور پر سوچا جاتا ہے کہ ایپس کو اپڈیٹ کریں گے تو موبائل تیزی سے کام کرنے لگے گا جب کہ ایسا ہمیشہ نہیں ہوتا۔ اگر آپ انٹرنیٹ ڈیٹا استعمال کررہے ہیں تو اپڈیٹ ہوتے ہوئے بہت سارا ڈیٹا تو جائے گا ہی ساتھ ہی فون کی رفتار بھی سست ہوجائے گی۔ اس لئے بہتر ہے کہ ایپس کو اپڈیٹ کرنے کا کام وائی فائی کے ساتھ کریں۔ آپ اپنے فون کی سیٹنگز میں جاکر یہ آپشن سیٹ کرسکتے ہیں۔
لائٹ ورژن ایپس انسٹال کریں
فیس بک یا دوسری کسی ایپلیکیشن کا استعمال کرتے ہیں تو کوشش کریں کہ لائٹ ورژن انسٹال کرلیں کیونکہ نارمل ایپس زیادہ جگہ گھیرتی ہیں اور انھیں چلنے کے لئے زیادہ انٹرنیٹ درکار ہوتا ہے۔ لائٹ ورژن ایپس ریم میں کم جگہ گھیرتی ہیں۔ یہ ٹپ خاص طور پر ان لوگوں کے لئے کارآمد ہے جن کو فون میں میموری کا مسئلہ رہتا ہے۔
انتہائی درجہ حرارت میں نہ استعمال کریں
ریسیپی دیکھ کے پکانا ہو یا پکاتے ہوئے کال آجائے تو خواتین موبائل کو ہاتھ میں لئے کچن میں آجاتی ہیں اسی طرح اکثر رات بھر تیز اے سی چلا کر فون اسی ماحول میں چھوڑ دیا جاتا ہے جبکہ یہ طریقہ موبائل کو سست کرنے کی بڑی وجہ ہے۔ فون کو کبھی بھی انتہائی درجہ حرارت پر نہ رکھیں۔
جلدی جلدی اپ ڈیٹ نہ کریں
اگر آپ کو ایپلیکیشن کا پرانا ورژن مناسب لگتا ہے تو ضروری نہیں آپ نیا ورژن لازمی انسٹال کریں۔ کیونکہ ہوسکتا ہے آپ کے فون میں جگہ کم ہو اور نیا ورژن انسٹال کرنے میں جگہ زیادہ استعمال ہو۔ اس لئے اپ ڈیٹ صرف اس وقت کریں جب واقعی ضرورت ہو۔
دن میں کئی بار میموری کلین کریں
یہ کرنا انتہائی آسان ہے لیکن لوگ اسے کرنا غیر ضروری سمجھتے ہیں۔ اگر آپ دن میں کئی بار میموری کلین کریں گے تو یہ عمل آپ کے فون کی رفتار کو مسلسل بڑھاتا رہے گا۔