اس کو جہاز اڑانے کی اجازت کیوں دے رہے ہو یہ تمہارے بھی ہاتھ نہیں آئے گی ۔۔ شادی کے بعد پائلٹ بننے والی لڑکی کی کہانی

ہماری ویب  |  Oct 07, 2021

جہاز اڑاتے ہوئے پائلٹ ہر کسی کو اچھے لگتے ہیں ، ان کا یونیفارم ہی ان کی پہچان بنا دیتا ہے لیکن زیادہ تر آپ نے پائلٹ مرد حضرات ہی دیکھے ہیں بہت کم ہی ایسی پاکستانی خواتین ہیں جو پائلٹ ہیں اور بہت مہارت سے جہاز اڑاتی ہیں۔ ایسی ہی ایک پائلٹ کیپٹین صباء کے بارے میں ہماری ویب میں آپ کو بتایا جا رہا ہے جو بہت محنتی اور ہمت والی خاتون ہیں جنہوں نے شادی کے بعد جہاز اڑانا شروع کیا تھا جبکہ ان کا بیٹا صرف ایک سال کا تھا۔ اپنے اس سفر سے متعلق تفصیلاً بات کرتے ہوئے کیپٹین صباء کہتی ہیں کہ:

کیپٹین صباء

'' میں نے شادی کے بعد جہاز اڑانا شروع کیا جب میرا بیٹا ایک سال کا تھا، اس سب میں مجھے میرے شوہر نے بہت حوصلہ دیا، آگے بڑھنے کی ہمت دی، مجھ سے زیادہ مجھے انہوں نے سپورٹ کی، اگر وہ ہمت دیتے آگے بڑھنے کی تو شاید آج میں اس مقام پر نہ ہوتی، میرے شوہر میری طاقت ہیں اور میں دعا کرتی ہوں کہ ہر لڑکی کو ایسا ہی ساتھ دینے والا شوہر ملے۔ ''

مذید کہتی ہیں کہ: ''

میرے گھر والے میرے والدین بھی بہت پیار کرنے والے اور مدد کرنے والے ہیں، ہر وقت مجھے حوصلہ دیتے ہیں۔ ہماری سوسائٹی میں جہاں لوگ لڑکیوں کی تعلیم اور انہیں آگے بڑھنے سے روکتے ہیں وہیں میرے گھر والے مجھے آگے بڑھنے کا راستہ دکھاتے ہیں۔ ''

تعلق کہاں سے ہے؟

کیپٹین صباء کہتی ہیں: '' میرے آباء و اجداد کا تعلق کشمیر سے ہے اور میں بھی کشمیری ہوں لیکن پیشے کے اعتبار سے میں ایک کمرشل پائلٹ ہوں میرا نام کیپٹین صباء سعید ہے۔ میں جہاز اڑاتی ہوں اور مجھے اپنے شوق پر فخر ہے۔ ''

پائلٹ صباء کہتی ہیں کہ:

'' ہر لڑکی کو چاہیئے کہ وہ زندگی میں ایک ایسے شخص کا انتخاب کرے جو اس کا ساتھ دے، اس کے حوصلے بلند کرے، اس کے شوق کی تکمیل کے لئے راہ میں حائل رکاوٹوں کو بذاتِ خود دور کرنے کی کوشش کرے۔ میں خوش نصیب سمجھتی ہوں خود کو کہ میرے گھر والے اور شوہر سب ہی بہت اچھے ہیں۔ ''

پائلٹ بننے کا خواب:

کیپٹین صباء بتاتی ہیں کہ: '' پائلٹ بننے کا شوق مجھے بچپن سے تھا اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ میرا شوق بڑھتا گیا، پھر میں نے اس کے لئے ٹریننگ حاصل کی اور آج میں بناء کسی ڈر خوف کے جہاز اڑاتی ہوں۔ ''

بچے اور گھر کو کیسے سنبھالا؟

کیپٹن اس حوالے سے کہتی ہیں کہ: '' جب ہم کسی فلائٹ سے آتے ہیں تو اس وقت ہمارا شوگر بھی لو ہوتا ہے اور بلڈ پریشر بھی اس وقت انسان کو مکمل آرام کی ضرورت ہوتی ہے اور جب میں گھر آتی ہوں تو میرے شوہر میرے مکمل آرام کا خیال رکھتے ہیں وہ بچے کو بآسانی سنبھال لیتے ہیں جبکہ وہ ایک بزنس مین ہیں ان کا اپنا کام ہے۔ اس سب کے ساتھ وہ مجھے کسی قسم کی کوئی تکلیف نہیں ہونے دیتے اور ظاہر ہے گھر اور کام مشکل ہے ایک ساتھ چلانا لیکن کرنے سے سب کچھ ہو جاتا ہے۔ ''

مشکلات کیا کیا آئیں؟

ہماری ویب سے بات کرتے ہوئے صباء نے بتایا کہ: '' مشکلات ویسے گھر والوں کی طرف سے یا کام کی طرف سے نہیں آئیں کبھی کہ مجھے اپنے فیصلے پر کہیں بھی برا لگا ہو کہ میں نے غلط کیا ایسا کوئی مقام زندگی میں آج تک نہیں آیا، لیکن میرے کچھ دور کے رشتے داروں اور سوسائٹی کے دیگر لوگوں نے میرے شوہر سے کہا اس کو اڑنے کی اجازت کیوں دے رہے ہو؟ یہ تمہارے ہاتھ نہیں آئے گی؟ کسی نے مجھ سے کہا کہ بیٹا چھوٹا ہے، فیملی پر اپنا دھیان دو، فیملی پوری کرو وہاں فوکس کرو، جہاز اڑا کر کیا کروگی؟ یہ سب باتیں اس معاشرے کا وہ منفی حصہ ہیں جن کو میں کبھی بھول نہیں کستی، لوگ پتہ نہیں کیوں ایک عورت ایک لڑکی کی ترقی سے ڈرتے ہیں ان کو آگے بڑھنے سے روکتے ہیں۔ ''

والدین سے کیا کہتی ہیں؟

پائلٹ صباء دیگر لڑکیوں کے والدین سے کہتی ہیں کہ: '' ہر لڑکی خاص ہے، اپنی بیٹی کی عزت کریں، اس کے خوابوں کی عزت کریں، اس کی مدد کریں، اس کے شوق کو سمجھیں، آپ کی بیٹیاں بھی آپ کا سر فخر سے بلند کرسکتی ہیں ان کو موقع دیں ان کی تعلیم اور ترقی صرف ان کے یا آپ کے لئے نہیں بلکہ پورے معاشرے اور اس قوم کے لئے ضروری ہے۔ ''

کبھی ڈر لگا؟

ہماری ویب کو بتاتے ہوئے صباء نے بتایا کہ : '' مجھے ویسے کبھی ڈر نہیں لگا اور نہ کوئی ایسا لمحہ آیا جس سے مجھے کوئی شکایت ہوئی ہو لیکن جب ہماری جہاز اڑانے کی ٹریننگ ہوتی ہے اس کے بعد ابتدائی طور پر کسی بھی کمرشل پائلٹ کو سولو فلائٹ اڑانی ہوتی ہے یعنی 15 منٹ کے لئے اکیلے ہی پورے جہاز کو اڑانا ہوتا ہے، جب میں نے اکلیے اڑایا تو وہ میرے لئے ایک بڑا سنگِ میل ثابت ہوا اس کے بعد سے اب میں باسانی جہاز اڑاسکتی ہوں اب مجھے اس کام میں مہارت ہوگئی اور بخوشی فلائٹس پر جاتی ہوں۔ ''

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More