لفظ "ماں" ایک ایسا لفظ ہے جس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے اور اس دنیا میں ماں جیسی عظیم ہستی قدرت کا ایک انمول تحفہ ہے اور ماں ہمیشہ ہی اپنی خوشیاں، آرام و سکون کو پس پشت رکھ کر اپنی اولاد کی خدمت کرتی ہے، ماں کی اسی خدمت کو دیکھتے ہوئے پاکستانی فیشن انڈسٹری کے نامور فیشن ڈیزائنر عمر سعید نے اپنے نام کیساتھ والدہ کا نام بھی شامل کر لیا ہے اور اب انکا نام" عمر سمیعہ سعید " ہے جبکہ اس سے پہلے انکا کا نام "عمر سعید " تھا۔
28 سال سے محنت و ایمانداری سے فیشن انڈسٹری میں نام بنانے والے عمر سمیعہ سعید کا کہنا ہے کہ جب میں نے اپنا نیا شناختی کارڈ اپنی والدہ کو دکھایا تو وہ بہت خوش ہوئیں اور حیران بھی ہو گئی تھیں لیکن اس عمل سے مجھے دلی خوشی اور اطمینان ملا ہے۔
فیشن ڈیزائنر عمر سمیعہ سعید کا کہنا ہے کہ میں یہ کام بہت پہلے کرنا چاہتا تھا لیکن زاتی مسروفیات کے باعث کر نہیں پا رہا تھا لیکن جب کورونا وائرس آیا تو میں نے اپنے ساتھ بہت وقت گزارا تو سوچا کہ زندگی میں اتنے کام کرتا ہوں تو وہ کام کیوں نہیں کرتا جس سے مجھے دلی خوشی اور اطمینان ملے گا۔
یہ خیال میرے زہن میں ہمیشہ آتا تھا اور اس نکتے پر آکر میں رک سا جاتا تھا کہ جو ماں اپنے بچوں کو پالنے کیلئے اتنا سب کرتی ہے اسکا نام ہمارے معاشرے میں کیوں نہیں بچے کے نام کیساتھ لگایا جاتا جس طرح والد کا نام لگایا جاتا ہے۔ اور جب اس خیال کے بارے میں میں نے اپنی بہن رومیسہ سعید کو بتایا تو انہوں نے میری بہت مددد کی اور میرے ساتھ نادرا آفس بھی گئی۔
لیکن نادرا آفس کے عملے نے ہمارے ساتھ کسی قسم کا بھی تعاون نہیں کیا اور مجھے ڈرانے دھمکانے کی بہت کوشش کی کہ مجھے جائیداد میں سے حصہ نہیں ملے گا اور میری تمام ڈگریاں بیکار ہو جائیں گی پر میں اپنے ارادے پر ڈٹا رہا اور میں نے ان سے کہا کہ یہ میرا حق ہے اور میں پاکستان اور اسلام کیخلاف کوئی کام نہیں کر رہا۔
عمر سمیعہ سعید کے والد کیمسٹری کے اور والدہ اسلامیات کی پروفیسر ہیں اور انکے پانچ بچے ہیں اور عمر سمیعہ سعید گھر کے بڑے بیٹے ہیں جبکہ اپنے بیٹے کے اس عمل پر والدہ کا کہنا ہے کہ ہمارے پانچ بچے ہیں اور ہم نے انکی بہت اچھی تربیت کی ہے جس کا پھل ہمیں آج مل رہا ہے۔
اور عمر کے اس کارنامے پر بہت لوگوں نے مجھے مبارکباد دی اور اپنے بیٹے کے نام کیساتھ اپنا نام شامل ہونے پر بہت خوش ہوں مجھے پہلے سے عمر کے ارادے کے بارے میں معلوم نہیں تھا مگر جب میرے سامنے عمر سعید کا نیا شناختی کارڈ آیا تو یہ میرے لیے ایک بڑا سرپرائز تھا۔