بالی ووڈ کے مقبول ترین اداکار سلمان خان کی زیادہ تر فلمیں بزنس کے نئے ریکارڈز قائم کرتی ہیں جس کی وجہ سے ان کی پذیرائی دنیا بھر میں کی جاتی ہے، لیکن جیسا کہ سب جانتے ہیں بھارت میں کورونا وبا کے پیش نظربالی ووڈ سمیت دیگر شعبے متاثر ہوئے ہیں جس کا نقصان بھارت کو ہوا ہے۔
دنیا بھر میں پھیلی کورونا وبا نے سلمان خان کی فلموں کو بھی شدید متاثر کیا ہے اور جہاں ان کی فلمیں ایک روز میں کروڑوں کماتی تھیں اب یہ حال ہوگیا ہے کہ ان کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ’’رادھے‘‘ چار روز گزرنے کے باوجود ایک لاکھ روپے بھی نہ کما سکی۔
فلم ’’رادھے‘‘ نے کتنا بزنس کیا؟
کورونا وبا کے باعث بھارتی سینما بند ہیں۔ اس صورتحال میں جہاں بھارت کے بڑے اسٹارز نے اپنی فلموں کی ریلیز روک دی ہے۔ وہیں سلمان خان نے اپنی فلم ’’رادھے‘‘ کو ریلیز کرنے کے لیے بہت بڑا رسک لیا اور اسے او ٹی ٹی اور مختلف ڈیجیٹل پلیٹ فارمز زی فائیو اور زی پلیکس پر ریلیز کیا۔
فلم کی ریلیز کے پہلے روز سلو میاں کے مداحوں نے بڑی تعداد میں فلم کو آن لائن دیکھا جس کی وجہ سے ویب سائٹ کا سرور بھی ڈاؤن ہوگیا تھا۔
ایک بھارتی ویب سائٹ کے مطابق حالانکہ فلم کو دیکھنے کے لیے لوگوں کی بڑی تعداد نے آن لائن پلیٹ فارم کو لاگ ان کیا لیکن اس کے باوجود فلم نے کتنی کمائی کی اس بارے میں پیشگوئی نہیں کی جاسکتی کیونکہ فلم تھیٹرز میں ریلیز نہیں ہوئی۔
دی ہندو بزنس لائن ڈاٹ کام کے مطابق ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر ریلیز کے پہلے روز فلم ’’رادھے‘‘ کو 4.2 ملین بار دیکھا گیا جس کے باعث یہ بھارت میں آن لائن پلیٹ فارم پر تیسری سب سے زیادہ بار دیکھی جانے والی فلم بن گئی۔ اس سے قبل سشانت سنگھ راجپوت کی فلم ’’دل بیچارا‘‘ اور ’’لکشمی‘‘ یہ دونوں فلمیں آن لائن سب سے زیادہ دیکھی گئی تھیں۔