آپ کسی بھی ملک میں کیوں نا ہوں! اگر آپ ایک ماں، ایک بہن، ایک بیٹی مختصراً لڑکی ہیں اور اکیلے کسی سنسان جگہ سے گزر رہی ہیں تو اپنی حفاظت کے لیے اقدامات خود کرنا پڑیں گے۔
آپ نے پاکستان سمیت کئی ممالک میں دیکھا ہو گا کہ آئے دن معصوم لڑکیوں، ماؤں اور بہنوں کے بے دردی سے ریپ کیے جاتے ہیں، اور صرف اتنا ہی نہیں بلکہ انہیں قتل بھی کر دیا جاتا ہے۔
آج ہماری ویب آپ لوگوں کے لیے کچھ ایسے آسان طریقے لے کر آئی ہے جسے اپنا کر آپ اپنی حفاظت کو یقینی بنا سکتے ہیں اور دوسرے کو خود سے دور کر سکتے ہیں۔
1) بھاگ جانا
جی ہاں! سب سے اہم اور پہلی بات، اگر آپ اکیلی ہوں اور آس پاس کسی قسم کا خطرہ محسوس ہو تو، آپ کو لگے کہ کچھ دور مجمع ہو گا تو ایک سیکنڈ بھی سوچیں مت اور فوراً وہاں سے بھاگ جائیں۔ آپ کو محسوس ہو کہ اس شخص کے پاس بندوق نہیں ہے، تو فوراً آپ وہاں سے بھاگ جائیں اور کسی بھی محفوظ جگہ پناہ لے لیں۔
2) شور مچانا
کوئی بھی شخص آپ کو چھونے کی کوشش کرے یا آپ کے ساتھ کوئی بدتمیزی کرے تو فوراً شور مچا کر آس پاس کے افراد کو اپنی جانب متوجہ کر لیں، اس سے وہ شخص ڈر کر خود ہی اپنے قدم پیچھے کی جانب کر لے گا، یا اگر ایسا نہ بھی ہوا تو آپ کو وقت مل جائے گا کہ وہاں سے بھاگ نکلیں۔
3) پین
بال پوائنٹ یا کسی بھی قسم کا پین ہر کسی کے بیگ میں ضرور موجود ہوتا ہے۔ آپ جب بھی کسی ایسے سنسان راستے سے گزریں تو پین نکال کر پہلے ہی اپنے ہاتھ میں پکڑ لیں اور اسے آستین میں اندر کی جانب کرلیں تاکہ وہ نظر نہ آئے۔ کوئی بھی شخص اگر آپ کو چھوتا ہے تو فورا پین سے آپ اس پر حملہ کر دیں۔ پین کی نوک اس شخص کی کن پٹی یا گلے کی سائڈ والی جگہ (جہاں سے رگیں دکھائی دے رہی ہوتی ہیں) پر گھسا دیں۔ اس سے وہ آپ سے فوری طور پر دور ہو جائے گا۔
4) باڈی اسپرے
باڈی اسپرے کا شمار بھی ان چیزوں میں ہوتا ہے جو کسی بھی لڑکی کی عزت بچانے میں معاون و مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ جب بھی کوئی شخص آپ کے قریب آئے آپ فورا اپنے پاس موجود باڈی اسپرے اس کی آنکھوں میں ڈال دیں۔ کیمیکلز کے سبب اس شخص کی آنکھوں میں مرچیں لگیں گی، اور پھر وہ آپ کے قریب نہیں آ سکے گا۔
5) مرچوں کا اسپرے
مرچوں کے اسپرے کے بارے میں کئی خواتین نے سن رکھا ہو گا، اسے گھر میں بنائیں اور اپنے ساتھ ضرور رکھیں۔ اگر کوئی بھی شخص غلط ارادے سے آپ کے نزدیک آئے تو فورا اس کی آنکھوں یا منہ کی جانب وہ اسپرے کریں۔ ایک بات کو لازمی یقینی بنائیں کہ اسپرے بالکل ٹھیک کام کرتا ہو۔
6) سیفٹی/الارم ڈیوائس
آج کل چھوٹے سیفٹی الارم اور ڈیوائس آ رہی ہیں جو آپ اپنے کالر میں لگا سکتے ہیں، جب بھی کوئی شخص آپ پر حملہ آور ہوگا تو آپ اس الارم کے بٹن کو دبا دیں، وہ زور زور سے بجنے لگے گا۔
٭ اس حوالے سے اپنی قیمتی رائے کا اظہار ہماری ویب کے فیسبک پیج پر کمنٹ سیکشن میں کرنا نا بھولیے گا۔